عوام جانا ریڈی کی خدمات کے معترف، ہنمنت راؤ اور راملو نائیک کی انتخابی مہم
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے دعویٰ کیا کہ ناگرجنا ساگر میں کانگریس امیدوار جانا ریڈی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے ناگر جنا ساگر کے تریپورارم منڈل کے مختلف دیہاتوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ ہنمنت راؤ نے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں کو کے سی آر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور کانگریس دور حکومت میں کئے گئے فلاحی اور ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے دولت کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے رائے دہندوں کو لالچ دیا جارہا ہے۔ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کی طرح ناگر جنا ساگر میں کروڑہا روپئے تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی کو دیہاتوں میں ذمہ داری دی گئی ہے اور وہ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرتے ہوئے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ناگرجنا ساگر کے عوام جانا ریڈی کی عوامی خدمات کے معترف ہیں اور حکومت کی لاکھ کوششوں کے باوجود کانگریس کی کامیابی یقینی ہوگی۔ ہنمنت راؤ نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے سیاہ دور کے خاتمہ کیلئے کانگریس کی تائید کریں۔ ہنمنت راؤ کے ہمراہ پردیش کانگریس کے ترجمان آر لکشمن یادو، سکریٹری پردیش کانگریس یادگیری گوڑ، سابق رکن کونسل راملو نائیک اور دیگر قائدین موجود تھے۔