حیدرآباد۔ الیکشن کمیشن نے 17 اپریل کو ناگر جنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں مبصرین کا تقرر کیا ہے۔ اتر پردیش کیڈر سے تعلق رکھنے والے سینئر آئی اے ایس عہدیدار وجئے چودھری کو انتخابی مصارف کا مبصر مقرر کیا گیا۔ اسمبلی حلقہ میں ہر امیدوار کیلئے 30 لاکھ 8 ہزار روپئے تک کے انتخابی خرچ کی حد مقرر کی گئی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر ششانک گوئل کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور نلگنڈہ کلکٹر پرشانت پاٹل نے تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو مبصرین اور انتخابی مصارف کے حدود کے سلسلہ میں واقف کرایا ہے۔ ڈسمبر 2020 میں الیکشن کمیشن نے انتخابی مصارف پر نظرثانی کرتے ہوئے 28 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ 8 ہزار روپئے کیا ہے۔ کلکٹر پرشانت پاٹل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے سلسلہ میں حکام کو شکایت کریں۔ عوام فون نمبر 0868027837 یا ٹول فری نمبر 1950 پر شکایت کرسکتے ہیں۔