ناگرجنا ساگر کی رائے دہی کے اختتام تک چوکنا رہے

   

چیف منسٹر کے سی آر کا پارٹی قائدین سے ٹیلی فون پر ربط ، آرام نہ کرنے کا مشورہ
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے سربراہ و چیف منسٹر کے سی آر نے ناگر جنا ساگر ضمنی انتخابات کی رائے دہی کے اختتام تک پارٹی کیڈر کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی ، پارٹی امیدوار این بھگت کمار ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی پارٹی کے انتخابی انچارج ٹی رویندر راؤ اور دوسرے قائدین کوٹی ریڈی ، انجیا یادو ، اور پارٹی کے ارکان اسمبلی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ان سے کہا کہ صرف انتخابی مہم ختم ہوئی ہے ۔ انتخابی عمل جاری ہے ۔ 17 اپریل کو رائے دہی کے اختتام تک پارٹی کے تمام قائدین اور کیڈر چوکنا رہے اور پارٹی امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائدین نے تین ہفتوں تک پارٹی امیدوار کی کامیاب انتخابی مہم چلائی ہے ۔ فیصلہ کی گھڑی میں مزید چوکسی اختیار کریں اور ہر ایک ووٹ ٹی آر ایس کے حق میں استعمال ہو اس کے لیے کام کریں ۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو بتایا کہ پارٹی امیدوار این بھگت کمار کا طاقتور موقف ہے ۔ اور تمام سروے ٹی آر ایس کے حق میں ہے ۔ باوجود اس کے ٹی آر ایس کے قائدین اور کیڈر پوری طرح متحرک رہے ۔ رائے دہی کے اختتام تک آرام نہ کریں ۔ دوباک ضمنی انتخابات اور جی ایچ ایم سی انتخابات میں شکست کے بعد چیف منسٹر کے سی آر ناگر جنا ساگر ضمنی انتخابات پر خاص توجہ دی ۔ دو جلسوں سے چیف منسٹر نے خطاب کیا ہے ۔ 15 وزراء ، 30 سے زائد ارکان اسمبلی اور دیگر عوامی منتخب نمائندوں نے اسمبلی حلقہ ناگر جنا ساگر کے مختلف منڈلوں میں کیمپ کرتے ہوئے پارٹی امیدوار کے حق میں انتخابی مہم چلائی ہے ۔۔