ناگرجنا ساگر کی کامیابی پر تلنگانہ بھون میں جشن

   

ٹی آر ایس ناقابل تسخیر، سرینواس یادو اور دیگر وزراء کا ردعمل
حیدرآباد۔ ناگرجنا ساگر کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی کامیابی کے بعد تلنگانہ بھون میں جشن منایا گیا۔ پارٹی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے تلنگانہ بھون پہنچ کر جشن منایا اور آتشبازی کی۔ قائدین نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مٹھائی تقسیم کی۔ آتشبازی کے موقع پر تلنگانہ بھون کے احاطہ میں موجود گھانس کے شیڈ میں آگ لگ گئی۔ فوری آتش فرو عملہ کو چوکس کیا گیا اور آگ پر قابو پالیا گیا۔ کوئی بھاری نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ پارٹی کے کئی وزراء اور ارکان اسمبلی نے تلنگانہ بھون پہنچ کر جشن میں حصہ لیا جن میں سرینواس گوڑ، سرینواس یادو، رکن اسمبلی وینکٹیشور ریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔ اسی دوران ریاستی وزیر سرینواس یادو نے ناگرجنا ساگر میں پارٹی کی کامیابی کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کی کامیابی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کی الزام تراشیوں کے باوجود عوام نے ٹی آر ایس کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے جو اقدامات کئے ہیں ناگر جنا ساگر عوام نے اس کی تائید کی ہے۔ ٹی آر ایس تلنگانہ میں ناقابل تسخیر موقف اختیار کرچکی ہے۔ ریاستی وزراء کے ایشور ، اندرا کرن ریڈی اور گورنمنٹ وہپ بی سمن نے بھی ناگرجنا ساگر کامیابی پر چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی۔