ناگرجنا ساگر 11 سال بعد لبریز ‘ تمام گیٹس کھول دئے گئے ‘ پانی خارج

,

   

Ferty9 Clinic

پولی چنتلہ پراجیکٹ کی سطح آب بھی مکمل ۔ پرکاشم بیاریج وجئے واڑہ سے بھی فاضل پانی کا دریائے کرشنا میں اخراج

حیدرآباد 13 اگسٹ (سیاست نیوز) آندھراپردیش اور تلنگانہ میں زرعی اغراض کیلئے پانی سربراہ کرنے والا ناگر جنا ساگر پراجیکٹ تقریباً گزشتہ 11 سال بعد پہلی مرتبہ ماہ اگسٹ کے وسط میں ہی پانی سے لبریز ہوگیا جس کے نتیجہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں پراجیکٹ کے چار کریسٹ گیٹس کھول دیئے لیکن پانی کے تیز بہاؤ یعنی پانی کی آمد کو دیکھتے ہوئے رفتہ رفتہ پراجیکٹ کے جملہ 26 گیٹس کھول دیئے گئے۔ ناگر جنا ساگر پراجیکٹ ذرائع نے کہاکہ ناگر جنا ساگر پراجیکٹ میں نہ صرف کرشنا ندی کے پانی کا بہاؤ کے علاوہ دیگر ندیوں کے ذریعہ پانی کا بہاؤ مل کر زائداز 10 لاکھ کیوسکس پانی سیلاب کی شکل میں پراجیکٹ میں جمع ہونے کے باعث فاضل پانی کو 26 گیٹس کھول کر دریائے کرشنا میں نچلی سطح کیلئے چھوڑ دیا جارہا ہے اور اس پانی کا اخراج عمل میں لانے کی وجہ سے دریائے کرشنا پر واقع پولی چنتلہ پراجکٹ بھی تقریباً پُر ہوچکا ہے اور اس پراجیکٹ کے گیٹس کھول دیئے گئے۔ پولی چنتلا پراجیکٹ سے پانی کا اخراج عمل میں آنے کے نتیجہ میں وجئے واڑہ میں پرکاشم بیاریج بھی لبریز ہوگیا۔ پانی کی وافر مقدار کو پیش نظر رکھتے ہوئے بتایا جاتا ہے کہ پرکاشم بیاریج سے دریائے کرشنا میں فاضل پانی کو چھوڑ دیا جارہا ہے۔ ناگر جنا ساگر پراجیکٹ عہدیداروں کے مطابق پانی کا بہاؤ مزید تیز ہونے کی وجہ سے پراجیکٹ کے جملہ 26 گیٹس مکمل اونچائی یعنی 12 فٹ تک اُٹھاکر جملہ 3.27 لاکھ کیوسکس پانی کو دریائے کرشنا میں نچلی سطح کیلئے چھوڑا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ناگر جنا ساگر ہائیڈل پاور پراجکٹ میں برقی پیداوار، لیفٹ بینک کنال، رائیٹ بینک کنال کے علاوہ دونوں شہروں کیلئے دریائے کرشنا سے پانی سربراہی اسکیم کیلئے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ناگر جنا ساگر پراجیکٹ کے جملہ گیٹس 2009 ء کے بعد آج پہلی مرتبہ زائداز گیارہ سال وقفہ کے بعد کھولے گئے ہیں۔ پراجیکٹ کی جملہ سطح آب 590 فیٹ ہونے کے منجملہ فی الوقت سطح آب 557 فیٹ ہوچکی ہے اور اس سطح آب پر ہی کریسٹ گیٹس کھول دیئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2009 ء میں 549 فیٹ سطح آب ہوجانے کے ساتھ پراجیکٹ کے مکمل گیٹس کھول کر نچلی سطح کیلئے چھوڑا گیا تھا۔ چیف انجینئر ناگر جنا ساگر پراجیکٹ میں موجودہ پانی کا تیز بہاؤ اسی طرح دو روز تک جاری رہنے کی صورت میں آئندہ 36 گھنٹوں میں پراجیکٹ کی سطح آب 590 فیٹ ہوجائے گی۔واضح رہے کہ تلنگانہ اور پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں جولائی کے اواخر سے اگسٹ کے پہلے دس دن زبردست بارش ہوئی تھی ۔