ناگرکرنول: عیدگاہ و شادی خانہ کیلئے 3.50 کروڑ کی منظوری

   

قبرستان کیلئے مزید پانچ ایکڑ اراضی فراہم کرنے رکن اسمبلی کا تیقن، مسلمانوں کا اظہار تشکر

ناگرکرنول۔ 25 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ناگرکرنول مستقر پرعیدگاہ اور شادی خانہ کی تعمیر کے لیے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔اس پر مسلمانان ناگرکرنول نے چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ اور ناگرکرنول ایم ایل اے مری جناردھن ریڈی کا شکر اداکیا۔ اتوار کوایم ایل اے کیمپ آفس میں وقف منیجنگ کمیٹی، تمام مساجد کمیٹیاں اورمسلمان ناگرکرنول نے ایم ایل اے مری جناردھن ریڈی کو3کروڑ 50 لاکھ روپے کی گرانٹ پر مبارکباد پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیااس موقع پر ایم ایل اے مری جناردھن ریڈی نے کہا کہ سیاست اہم نہیں ہے۔بلکہ ترقی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس علاقے میں ایک انجینئرنگ کالج اور ایک پولی ٹیکنیک کالج لانے کے لیے کوشاں ہیں اور آپ کے آشیرواد سے اسے حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حج ہاؤز اور شادی خانہ کی تعمیر کی ذمہ داری پوری طرح مجھ پر چھوڑ دیں۔ انہوں نے بڑے ٹھیکیداروں کو لانے اور ان کاموں کو مکمل کرنے کا وعدہ کیا۔اسی طرح انہوں نے قبرستان کے لیے مزید پانچ ایکڑ زمین فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وقف کامپلکس کے مقام پر غریبوں کے لئے آٹو نگر کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کے لئے مسلم عمائدین کا تعاون ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بہت سی فلاحی اسکیمیں نافذ کررہی ہے۔ اس موقع پرصدر انتظامی کمیٹی مسجد معراج سینئر صحافی جناب محمدمبین احمدخان نے کہا کہ جواراضی عیدگاہ و شادی خانہ کے لئے مختص کی گئی ہے وہ زمین ہی 7کروڑ کی ہے۔اس اعتبار سے آج 3.5 کروڑ کا کام نہیں بلکہ تقریباً 11 کروڑ کا کام ہورہا ہے۔جس پر تمام مسلمانان ناگرکرنول سی ایم کے سی آر اور جناب مری جناردھن ریڈی کے بے حد ممنون مشکور ہیں۔ اس موقع پرجناب محمد صادق پاشاہ نقشبندی القادری، شیخ یعقوب بن عثمان باوازیر،ڈسٹرکٹ حج سوسائٹی کے صدر شیخ فرید احمد، ممبران شکور، وقف کمپلیکس بلڈنگ کمیٹی کے سکریٹری پٹھان عبداللہ خان،جناب انیس احمد خان، مدرسہ اسلامیہ فضل العلوم کمیٹی کے سکریٹری جناب سید رفیع الدین، ممبران عبدالعلیم، میونسپل کمیٹی کیممبران محمد مشتاق احمد، کونسلر اسحاق میاں تمام مساجد کمیٹیوں کے سربراہان،جناب سردار، جناب غلام احمد، ڈاکٹر سمیر، حمید خان، نصیر کے علاؤہ دیگر موجود تھے۔