حیدرآباد۔ 23 جولائی ( سیاست نیوز ) حیدرآباد۔ سری سیلم شاہراہ پر آج رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 8 افراد جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ ناگرکرنول پولیس کے بموجب یہ حادثہ دو کاروں کے تصادم کے نتیجہ میںچنارم گیٹ کے مقام پر پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک کار سری سیلم سے حیدرآباد جارہی تھی جبکہ دوسری کار حیدرآباد سے سری سیلم کی سمت جا رہی تھی اور دونوں کاریں تیز رفتار تھیں اور آمنے سامنے سے ٹکرا گئیں۔ حادثہ کے بعد جائے حادثہ کے بعد دلخراش منظر دیکھا گیا کیونکہ بعض نعشوں کے پرخچے اڑ گئے تھے اور انسانی اعضاء سڑک پر بکھرے پڑے تھے ۔ بعض نعشیں کاروں میں بری طرح پھنسی ہوئی پائی گئیں۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ناگرکرنول مسٹر نرسمہا نے بتایا کہ تیز رفتار سے کار چلانے کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مہلوکین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری دواخانہ منتقل کردیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک چار افراد کی شناخت کرلی گئی ہے جن میں جیڈی مٹلہ کے ومشی ‘ نظام پیٹ کے وینکٹ ‘ پٹن چیرو کے نریش اور آنند باغ کے شیوکمار شامل ہیں۔ اس حادثہ پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اظہار تعزیت کیا ہے اور مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے ۔اسی طرح چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے بھی اس خوفناک سڑک حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اس دوران پتہ چلا ہے کہ ضلع کلکٹر ایل شرمن بھی جائے حادثہ کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ تفصیلات سے شخصی طور پر آگہی حاصل کی جائے ۔ ناگرکرنول پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔