سیاحوں کا تانتا ، تہوار کا منظر ، پراجکٹ کی سطح آب پر مسلسل نظر
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں بالائی حصہ سے ( یعنی ریاست کرناٹک کے مقامات سے ) پانی کا بہاؤ ابھی بھی جاری رہنے سے پراجکٹ میں پانی کا وافر مقدار میں ذخیرہ ہورہا ہے اور اس بہاؤ کے ذریعہ ذخیرہ ہونے والے پانی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پراجکٹ عہدیداروں نے احتیاطی تدابیر کے تحت پراجکٹ کے دروازے ابھی بھی کھلے رکھتے ہوئے فاضل پانی کو دریائے کرشنا میں چھوڑا جارہا ہے ۔ پراجکٹ ذرائع کے مطابق ناگر جنا ساگر پراجکٹ میں فی الوقت پانی کا انفلو ( پانی کی آمد ) 1.24 لاکھ کیوسیکس پایا جارہا ہے ۔ جبکہ فاضل پانی ( آوٹ فلو ) کا اخراج 1.11 لاکھ کیوسیکس کیا جارہا ہے ۔ ناگر جنا ساگر پراجکٹ کے لبریز ہوجانے اور وقفہ وقفہ سے پراجکٹ کے گیٹس کھولے جانے کی وجہ سے دوردراز علاقوں سے پراجکٹ کا منظر دیکھنے کے لیے عوام کا اتنا ہی تانتا بندھا ہوا ہے ۔ بالخصوص موجودہ حالات میں مدارس و کالجس کو دسہرہ تہوار کے تعطیلات پائے جانے کی وجہ سے بھی تفریحاً عوام کثیر تعداد میں ناگرجنا ساگر پراجکٹ کا مشاہدہ کرنے کے لیے عوام کا اژدھام ہے جس کی وجہ سے پراجکٹ کے اطراف و اکناف میں تہوار کا ماحول دکھائی دے رہا ہے ۔ پراجکٹ عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ جب تک پراجکٹ میں پانی کا بہاؤ جاری رہے گا تب تک فاضل پانی کا اخراج عمل میں لایا جائے گا ۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی جملہ سطح آب 590 فیٹ رہنے پر فی الوقت موجودہ مکمل سطح آب 589.90 فٹ ہے ۔ علاوہ ازیں ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی جملہ پانی کی گنجائش 312 ٹی ایم سی ہے ۔ لیکن فی الوقت پانی کی جملہ مقدار 311.74 ٹی ایم سی بتائی جاتی ہے ۔۔