ناگر جنا ساگر کا ضمنی چناؤ 17 اپریل کو ہوگا،2 مئی کو نتیجہ

   

الیکشن کمیشن کا فیصلہ،23 مارچ سے پرچہ نامزدگی کا ادخال
حیدرآباد۔الیکشن کمیشن نے ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے۔ 17 اپریل کو رائے دہی مقرر ہے جبکہ 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی این نرسمہیا کے دیہانت کے سبب حلقہ میں ضمنی چناؤ یقینی ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے آندھرا پردیش اور کرناٹک کے 2 پارلیمانی حلقوں کے علاوہ 11 ریاستوں کے 14 اسمبلی حلقوں کے ضمنی چناؤ کا شیڈول جاری کیا ہے۔ 23 مارچ کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور اسی دن سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ 30 مارچ تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جائیں گے۔ پرچہ جات کی جانچ 31 مارچ کو ہوگی اور 3 اپریل تک پرچہ جات نامزدگی واپس لئے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 17 اپریل کو ہوگی جبکہ 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی مقرر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دیگر ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹوں کی گنتی میں تاخیر کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول جاری کرتے ہی سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ کانگریس نے اس حلقہ سے سابق وزیر کے جانا ریڈی کی امیدواری کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے۔ ایم نرسمہیا کے فرزند کو ٹی آر ایس ٹکٹ کیلئے بعض قائدین نے چیف منسٹر کے سی آر سے سفارش کی ہے جبکہ مقامی ٹی آر ایس قائدین کا ماننا ہے کہ نرسمہیا کے فرد خاندان کے بجائے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کو امیدوار بنایا جائے۔ چیف منسٹر مقامی قائدین سے مشاورت کے بعد امیدوار کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ بی جے پی بھی اس حلقہ میں سخت مقابلہ کی تیاری کررہی ہے۔