ناگر جنا ساگر کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کے مسئلہ پر اُلجھن برقرار

   

حیدرآباد۔ناگر جنا ساگر اسمبلی حلقہ کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کے نام کے اعلان ہنوز تعطل کا شکار ہے کیونکہ پارٹی قیادت نے امیدوار کے سلسلہ میں اپنا موقف واضح نہیں کیا۔ آنجہانی رکن اسمبلی نرسمہیا کے فرزند کو ٹکٹ دینے کیلئے ایک گوشہ کا دباؤ ہے تو دوسری طرف دیگر قائدین یادو طبقہ سے تعلق رکھنے والے کسی مقامی قائد کو ٹکٹ دینے کی مانگ کررہے ہیں۔ ٹکٹ کی دوڑ میں نرسمہیا کے فرزند بھگت کے علاوہ رنجیت یادو، گرویا یادو اور دوسرے شامل ہیں۔ غیر بی سی امیدواروں میں کوٹی ریڈی نے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ بی جے پی کو ٹی آر ایس امیدوار کے نام کا انتظار ہے تاکہ کسی ناراض قائد کو ٹکٹ کا پیشکش کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اندرون دو یوم امیدوار کا اعلان کریں گے۔ اسی دوران کانگریس کے امیدوار جانا ریڈی نے اپنی انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ اگرچہ وہ 29 مارچ کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے تاہم انہوں نے مواضعات کی سطح پر پارٹی کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ اجلاس کا آغاز کردیا ہے۔ 27 مارچ کو کانگریس کی جانب سے بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا۔