اتم کمار ریڈی اور جانا ریڈی کی شرکت، گریجویٹ امیدواروں کی کامیابی کا یقین
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ناگرجنا ساگر کے رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ گریجویٹ حلقہ کے کانگریس امیدوار راملو نائیک کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور مجوزہ ضمنی انتخابات میں کے جانا ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ اتم کمار ریڈی نے آج ناگرجنا ساگر کا دورہ کرتے ہوئے ایم ایل سی انتخابات کی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے طلبہ، دانشوروں اور معززین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل سی اور اسمبلی کی نشستوں پر کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی تاکہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی جاسکے۔ راملو نائیک اور جانا ریڈی اس موقع پر موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا۔ 2018 تک جانا ریڈی اس حلقہ کی نمائندگی کرتے رہے اور انہوں نے کئی پراجکٹس اور دیگر ترقیاتی کام انجام دیئے۔ 2018 میں ٹی آر ایس کے منتخب ہونے کے بعد سے ترقیاتی کام ٹھپ ہوچکے ہیں۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس کو ناگرجنا ساگر کے رائے دہندوں سے ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق نہیں۔ انہوں نے نیتی آیوگ کے اجلاس میں چیف منسٹر کی عدم شرکت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ چیف منسٹر کی حیثیت سے کے سی آر کو ریاست کے درپیش مسائل کو پیش کرنا تھا۔ اجلاس میں عدم شرکت کے ذریعہ انہوں نے ثابت کردیا کہ ریاست کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جبکہ انتخابی جلسوں میں پابندی سے شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی وٹی آر ایس میں خفیہ مفاہمت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ دونوں پارٹیاں عوام کو گمراہ کرنے کیلئے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کررہی ہیں۔ ٹی آر ایس کے بارے میں بی جے پی قائدین اپنے الزامات میں سنجیدہ تو انہیں سی بی آئی تحقیقات کی سفارش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے ہر سطح پر عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ کانگریس امیدوار ڈاکٹر جی چناریڈی کو کامیاب کریں۔