ناگم جناردھن ریڈی خود اپنی پارٹی کے قائدین سے ناراض، ناگر کرنول سے ٹکٹ کی امید

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔17۔ اگست (سیاست نیوز) سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی نے کانگریس قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ محبوب نگر ضلع میں اسمبلی انتخابات کے ٹکٹ کے حصول کے مسئلہ پر کانگریس کے قائدین میں اختلافات منظر عام پر آچکے ہیں۔ ناگم جناردھن ریڈی نے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی میں برقرار رہیں گے اور پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ناگر کرنول میں کانگریس کو مستحکم بنانے میں ان کا اہم رول ہے۔ جوپلی کرشنا راؤ ، دامودر ریڈی ، ناگر کرنول کے ٹکٹ کے خواہشمند ہیں۔ دامودر ریڈی نے ابھی تک کانگریس میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ جناردھن ریڈی نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد بی آر ایس میں شمولیت اختیار نہ کرنے کی کیا گیارنٹی ہے؟ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی سیاست میں وہ سینئر ہیں لیکن کانگریس پارٹی میں سینئر نہیں ہیں اسی لئے الیکشن ٹکٹ کے لئے درخواست داخل کروں گا۔
ماہِ صفر بھی دیگر مہینوں کی طرح ایک مہینہ ہے:حافظ محمد صابر پا شاہ قادری
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگسٹ( راست ) ۔ حافظ محمد صابر پا شاہ قادری نے بتلایاکہ ماہ صفر اسلامی کیلنڈر کا دوسرا مہینہ ہے۔ اسلام سے پہلے اسے منحوس سمجھا جاتا تھالیکن مسلمان اسے صفر الخیر یا صفر المظفر (کامیابی کا مہینہ) کہتے ہیں۔ زمانہ جاہلیت کے لوگ اس ماہ میں خوشی کی تقریبات (شادی بیاہ، سفرکرنا، لین دین) قائم کرنا منحوس سمجھتے تھے اور قابل افسوس امر یہ ہے کہ یہی نظریہ نسل در نسل آج تک چلا آ رہا ہے۔ ذاتِ باری تعالیٰ حقیقی متصرف اور مسبب الاسباب ہے۔ ظاہری اسباب میں اثرانگیزی پیدا کرنے والی ذات بھی وہی ہے۔ کسی چیز، دن یا مہینے کو منحوس سمجھنا اور اس میں کام کرنے کو بُرے انجام کا سبب قرار دینا غلط، بدشگونی، توہم پرستی اور قابلِ مذمت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مشیت کے بغیر کوئی بھی چیز انسان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ نفع و نقصان کا اختیار سو فیصد اللہ کی ذات کے پاس ہے۔ جب وہ خیر پہنچانا چاہے تو کوئی شر نہیں پہنچا سکتا اور اگر وہ کوئی مصیبت نازل کر دے تو کوئی اس سے رہائی نہیں دے سکتا۔اس لیے کہ تمام دن اللہ تعالیٰ نے پیدا کیے ہیں اور انسان ان دنوں میں افعال و اعمال کرتا ہے، سو ہر وہ دن مبارک ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی جائے اور ہروہ زمانہ انسان پر منحوس ہے جس میں وہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرے۔