ناگول ، ایل بی نگر کے پاس موسیٰ ندی کو خوبصورت بنایا گیا

   

اوپن آؤٹ ڈور جم ، واکنگ اینڈ سیکلنگ ٹرئیکس ، لانس اور درختوں سے منظر تبدیل

حیدرآباد ۔ /8 اگست (سیاست نیوز) ناگول ، ایل بی نگر میں موسیٰ ندی کو خوبصورت بنایا گیا ہے ۔ یہاں پہلے لوگ ناقص صحت و صفائی اور آلودگی کی وجہ سے جانے سے کتراتے تھے اب یہ مقام ایک پرکشش منظر بن گیا ہے ۔ اب یہاں ایک اوپن آؤٹ ڈور جم ، واکنگ اینڈ سیکلنگ ٹرئیک بنایا گیا ہے ، لانس بنائے گئے ہیں اور درخت لگائے گئے ہیں ۔ اس طرح یہ علاقہ سرسبز و شاداب ہوگیا ہے جہاں ایک خوشگوار احساس ہورہا ہے ۔ ریاستی حکومت نے گجرات میں نرمدار پور پراجکٹ کے خطوط پر یہاں موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کا کام شروع کیا ۔ موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ (MRDCL) نے ، جسے موسیٰ ندی کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی طور پر قائم کیا گیا ، 2.56 کروڑ روپئے تخمینہ لاگت سے ناگول بریج اور کے ٹی آر کالونی کے درمیان ایک 3.6 کلومیٹر واکنگ وے بنایا ۔ اس کے علاوہ صبح میں چہل قدمی کرنے والوں کیلئے ٹراکس کی تعمیر اور شجرکاری کرنے سے یہ علاقہ ایک پرسکون اور باوقار علاقہ کا منظر پیش کررہا ہے ۔ 2.12 کروڑ روپئے لاگت سے لینڈ اسکیپ بنایا گیا ۔ یہاں ایک قومی پرچم لہرایا گیا جو تقریباً 100 فیٹ بلند ہے اور اس کی قیمت 22 لاکھ بتائی جاتی ہے ۔ اسِکولوجیکل اسٹوریشن آف موسی کے تحت آؤٹ ڈور جم ایکیوپمنٹ 44 لاکھ روپئے لاگت سے لگائے گئے ہیں ۔ اس پراجکٹ کو دو ماسٹر پلانس کے ذریعہ انجام دیا جارہا ہے ، موسیٰ ایکشن پلان جس کا مقصد ندی کی حالت کو پھر بہتر بنانا ہے اور موسیٰ روڈ ڈیولپمنٹ پلان تاکہ ندی اور اس کے اطراف انفراسٹرکچر کو فروغ دیا جائے ۔