حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) ناگول کا علاقہ آج مخالف حکومت نعروں سے گونج اٹھا جہاں تحصیلداروں کی ایک بڑی تعداد جمع تھی جو کل کے واقعہ پر شدید برہم تھے۔ عبداللہ پور میٹ تحصیلدار کو زندہ جلادینے کے خلاف ساری ریاست میں ریونیو ملازمین میں برہمی پائی جاتی ہے اور تحصیلداروں نے کام بند کررکھا ہے۔ ریاست میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ گزیٹیڈ آفیسروں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ تحصیلداروں نے اس موقع پر حکومت سے اپنے مطالبات کی فوری یکسوئی پر بھی زور دیا ہے اور تحفظ کی غیریقینی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ساتھی تحصیلدار پردفتر میں کام کے دوران اس طرح کا حملہ ساری ریاست کے ملازمین میں بالخصوص ریونیو ملازمین میں غم و غصہ کا سبب بنا ہوا ہے۔ ریونیو ملازمین کی ایک بڑی تعداد ایسے واقعات کے لئے مبینہ طور پر حکومت کی پالیسی کو ذمہ دار مانتی ہے۔ تحصیلداروں کے اس احتجاج کے سبب ناگول میں ٹریفک جام ہوگئی اور کمشنر راچہ کنڈہ کی مداخلت کے بعد تحصیلداروں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔