ناگپور: مہاراشٹرا کانگریس کے سینئر رہنما مانیک راؤ ٹھاکرے نے ریاستی حکومت پر ایک مخصوص برادری کے خلاف تعصب برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ناگپور میں پیش آئے تشدد کی غیر جانبدارانہ جانچ پر سوال اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پولیس نے کانگریس کی “فیکٹ فائنڈنگ” کمیٹی کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت ہی نہیں دی، تو انصاف کیسے ممکن ہوگا؟ کمیٹی کے سربراہ مانیک راؤ ٹھاکرے نے الزام لگایا کہ حکومت ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے اور اس کے وزراء مخصوص طبقے کو نشانہ بنا کر سماج میں نفرت پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف تشدد اور آتش زنی میں ملوث افراد کے خلاف ہی نہیں بلکہ ان عناصر پر بھی کارروائی ہونی چاہیے جنہوں نے حالات کو مزید بگاڑنے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے ہندو اور مسلم شہریوں سے ملاقات کر کے حالات کا جائزہ لیا اور حقائق اکٹھے کیے ، لیکن پولیس نے کرفیو کا بہانہ بنا کر انہیں تشدد زدہ علاقوں میں جانے سے روک دیا۔وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے واضح کیا ہے کہ تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔