ممبئی ۔یکم ؍ مارچ ( ایجنسیز )مہاراشٹر اکے ناگپور ضلع کی کٹول تحصیل میں واقع راؤل گاؤں میں آج صبح بھیانک صنعتی حادثہ پیش آیا جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کان کنی اور صنعتی دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی کمپنی ایس بی ایل انرجی لمیٹڈ کی فیکٹری میں ہوئے زبردست دھماکہ کے نتیجے میں 18 لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ 20 مزدور شدید طور پرزخمی بتائے جارہے ہیں۔ اس دوران ناگپور (دیہات) پولیس سپرنٹنڈنٹ ہرش پودار نے واردات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ صبح 6 اور 7 بجے کے درمیان ہوا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب مزدور دھماکہ خیز مواد تیار کر رہے تھے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی اور قریبی دیہاتوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔بتایا جارہا ہے کہ حادثہ کے وقت یونٹ کے اندر 25 سے 30 مزدور موجود تھے۔ دھماکے کے بعد فیکٹری کے احاطے میں زبردست آگ بھڑک اٹھی جس سے صورتحال مزید بگڑ گئی۔ دھوئیں کے بادل دور دور تک پھیل گئے جس سے مقامی لوگوں میں افراتفری مچ گئی۔ واردات کے فوری بعد پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ناگپور کے ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ کچھ مزدورابھی بھی ملبے کے نیچے یا فیکٹری کے احاطے میں پھنسے ہو سکتے ہیں۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبہ ہٹانے کا کام تیزی سے کیا جارہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے پورے علاقے کو سیل کردیا ہے اور سکیورٹی کے لیے اضافی پولیس فورس تعینات کر دی ہے۔ حادثہ کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر دھماکہ خیز مواد کی تیاری کے عمل کے دوران تکنیکی خرابیوں یا حفاظتی معیارات میں لاپرواہی کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے حالانکہ سرکاری طور پر تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کی جائے گی۔ مقامی لوگوں کے مطابق دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ زمین لرز گئی، کئی گھروں کے شیشے ٹوٹنے کی اطلاعات ہیں۔