ناگپور کی پچ پر آسٹریلیا اننگز سے ناکام،ہندوستان کی تاریخی جیت

   

پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں دنیا کی نمبر 1 ٹیم 91 پر ڈھیر، اشوین کو 31 ویں مرتبہ 5 وکٹ۔ آل راؤنڈ پرفارمنس پر جڈیجا کو میچ ایوارڈ

ناگپور: اسپن گیند بازی کیلئے سازگار وی سی اے اسٹیڈیم کی پچ پر روی چندرن اشوین کی قیادت والی جارحانہ بولنگ کی بدولت ہندوستان نے دنیا کی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم آسٹریلیا کو پہلے ٹسٹ کے آج یہاں تیسرے دن ہفتہ کو اننگز اور 132رنوں سے ہرا کر تاریخی جیت حاصل کی ۔ودربھ کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ پر ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں صرف 177رن بنائے تھے جس کے جواب میں ہندوستان نے ٹھوس بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 400 کا اسکور بنایا تھا۔ پہلی اننگز میں 223 رن سے پیچھے رہنے والے آسٹریلیا پر دبدبہ بر قرار رکھتے ہوئے اشوین (37رن دے کر 5 وکٹ) اور رویندر جڈیجہ (34 رن پر 2 وکٹ) نے مہمان بیاٹرز کو باندھ کر رکھا جبکہ محمد سمیع (13رن پر 2 وکٹ) اور اکشر پٹیل (6 رن پر ایک وکٹ) نے رہی سہی کسر پوری کرتے ہوئے کنگاروؤں کے خلاف ہندوستان کی سب سے بڑی جیت حاصل کی ۔ہندوستان کے خلاف آسٹریلیا کا دوسری اننگز میں یہ دوسرا کم اسکور ہے ۔ اس سے پہلے 7 فروری 1981کو آسٹریلیا نے ملبورن کی پچ پر اپنی دوسری اننگز میں صرف 83 رن بنائے تھے ۔ گنڈپا وشواناتھ کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے وہ میچ میں 59سے جیت حاصل کی تھی جبکہ 3 نومبر2004 کو ممبئی میں وانکھیڈے اسٹیڈیم پر کنگارو ٹیم ہندوستان کے خلاف 93 رن پر سمٹ گئی تھی اور سخت مقابلے میں ہندوستان نے 13رن سے جیت حاصل کی تھی۔ آج دوسری اننگز میں آسٹریلیا صرف 32.3اوورز میں ڈھیر ہوگیا۔ پہلی اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے جڈیجا نے دوسری اننگز میں بھی کینگروز کو دہشت زدہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں آسٹریلیا کے سات بلے باز اپنے انفرادی اسکور کو دوہرے ہندسے تک پہنچانے میں ناکام رہے ۔ سمیع اور اکشر نے آسٹریلیا کے لوور آرڈر کو سمیٹنے کا کام کیا۔ چوتھے نمبر کے اسٹیون اسمتھ (25 ناٹ آؤٹ) نے ہندوستانی حملے پر اپنی ٹیم کو پسپا ہوتے دیکھتے رہ گئے۔ انھوں نے دوسری اننگز میں آسٹریلیا کیلئے ٹاپ اسکور کیا۔ انڈیا کی تاریخی جیت میں کپتان روہت شرما (120)کے علاوہ اکشر پٹیل (84)اور جڈیجا (70) نے اہم کردار ادا کیا، جس کی وجہ سے ہندوستان اپنی پہلی اننگز میں 400 رنز کا بڑا اسکور بنا سکا۔ ناگپور کی ٹرن لیتی پچ پر دونوں ٹیموں کی گرنے والی جملہ30 وکٹوں میں سے 80 فیصد وکٹیں اسپنرز کے حصے میں آئیں۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں جڈیجہ نے 5، اشوین نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ٹوڈ مرفی (124 رنز کے عوض 7 وکٹ) نے انڈیا کی پہلی اننگز کو سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ وکٹوریہ کے 22 سالہ نوجوان نے اپنا ڈیبیو کر کے یہ کارنامہ سر انجام دیا ہے۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا کو 32.3 اووروں میں صرف 91 رن پر سمیٹنے کا سہرا اپنے ٹسٹ کیریئر میں 31 بار پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے اشوین کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنی کرشماتی کارکردگی سے ایک بار پھر اپوزیشن کو حیران کر دیا۔ آل راؤنڈر جڈیجا نے دوسرے سرے سے ہندوستان کی جیت کو آسان بنانے کا کام کیا۔ جڈیجا کو 5/47 ، 70 رنز اور 2/34 کی آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔