اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کا احتجاجی دھرنا
یلاریڈی /6 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل ناگی ریڈی پیٹ آر ٹی سی بس اسٹانڈ کے مسائل فوری حل کرنے کامطالبہ کرنے حریف جماعتوں کے قائدین نے راستہ روکو احتجاج کرتے ریاستی حکومت کو توجہ دلائی ۔ منڈل پریشد صدر مسٹر راج داس زیڈ پی ٹی سی مسٹر منوہر ریڈی نے راستہ روکو دھرنا میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی بس اسٹانڈ میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہونے پر مسافرین کو دشورایوں کا سامنا ہے ۔ خواتین کیلئے تک حاجت کی سہولت نہ ہونے کی بڑی شرمناک بات ہے ۔ مسافرین کو نہ بس اسٹانڈ میں بیٹھنے کی سہولت ہے اور نہ پینے کے پانی کی سہولت ہے ۔ صرف سوچھ بھارت ابھیان کے ذریعہ صاف صفائی کرکے کام چلایا جارہا ہے ۔ فوری آر ٹی سی بس ڈپو منیجر کو آکر جواب دینے کا مطالبہ کیا ۔ احتجاجی دھرنا کی مقامی پولیس کو اطلاع ملتے ہی سب انسپکٹر مسٹر موہن نے مقام احتجاج پہونچکر احتجاجی قائدین سے بات کی اور انہیں سمجھاکر احتجاج ختم کروایا ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین میں روی گوڑ ، وینکنا ، سونتش گوڑ ، بابو راؤ ، محمد فاروق ، لکشمن ، امام ، راکیش ، رکن معاون منڈل پریشد محمد شاہد موجود تھے ۔ واضح رہے کہ یلاریڈی ڈیویژن مستقر کے ساتھ ساتھ اس کے تمام آر ٹی سی بس اسٹانڈس کا یہی حال ہے جہاں صرف دیواریں ، چھت ہے اور کوئی بنیادی سہولت نہیں ہے ۔ رکن اسمبلی کے احکام کے باوجود آج تک آر ٹی سی ذمہ داروں کی لاپرواہی کا سلسلہ ختم نہ ہوسکا ۔
