کریم نگر میں جمعیۃ الحفاظ کے زیر اہتمام دیہاتوں میں جلسے، علماء کا خطاب، بچوں کو مسجد سے جوڑنے کی تلقین
کریم نگر ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے زیر اہتمام 22ستمبر بروز اتوار صبح 10 بجے تین دیہاتوں باؤسائی پیٹ،لچکّہ پیٹ اور اننتارم میں جلسہ ہائے سیرت النبی ؐ کا انعقاد عمل میں لایا گیا،جس میں ذمہ داران جمعیۃ الحفاظ نے شرکت کی اور خطاب کیا ۔ باؤسائی پیٹ منڈل کوناراؤ پیٹ میں خطاب کرتے ہوئے حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر قاضی وصدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے کہا زندگی گزارنے کا جامع ضابطہ حیات اگر کوئی ہے تو وہ محمد رسول اللہ کی حیات مبارکہ ہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے کائنات میں نہ کوئی آپ جیسا کامل انسان بنایا ہے نہ بنائے گا کیونکہ آپ ؐ پر نبوت و رسالت کی تکمیل ہی نہیں ہوئی بلکہ تمام کمالات انسانی، اوصاف اور اخلاق کی تکمیل بھی بدرجہ اتم آپؐ کی ذات پر ہوچکی ہے اور رسول اللہ ؐ کی حیات مبارکہ میں تمام انسانیت کے لئے بہترین نمونہ موجود ہے۔حافظ ضیاء اللہ خان نائب صدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے کہا کہ اسلام اور پیغمبر اسلام نے انسانیت کو امن اور بھائی چارے کی تعلیم دی ہے اور بحیثیت انسان ہر ایک کے ساتھ حسن سلوک کا پیغام دیا ہے،ہم مسلمانوں کو چاہئے کہ ہم ہر کسی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے والے بنیں۔حافظ معظم حسین فیضی خازن جمعیۃ الحفاظ نے کہا کہ ساری انسانیت کی بھلائی اور خیرکی تعلیمات لے کر آنے والے نبی ؐ کی تعلیمات کو دنیا کو سامنے اچھے انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی جائے ۔ لچکّہ پیٹ منڈل سارنگاپور میں جلسہ سیرت النبی ؐ سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد شاداب تقی قاسمی نے کہا کہ نبی ؐ کی بعثت تمام انسانیت کے لئے باعث رحمت ہے ،بعثت نبوی سے قبل معاشرہ کا ہر طبقہ ظلم وزیادتی کا شکار تھا لیکن آپؐ نے آکر انسانیت کا درس دیا اور حسن سلوک کا سبق سکھایا چناں چہ بعثت نبوی سے قبل غلاموں کاطبقہ بہت ہی ناروا سلوک کی زد میں تھا ،لیکن آپؐ نے آکر ایسے اصول وقوانین مقرر کئے کہ جس سے غلام غلامیت کی زنجیروں سے نکل سکتے ہیں ،آپ نے گناہوں اور غلطیوں کے سرزد ہوجانے پر بطور کفارہ کے غلاموں کے آزاد کرنے کا حکم دیا۔ حافظ فرید الدین امجد نائب خازن جمعیۃ الحفاظ نے کہا کہ اپنے بچوں کو مسجد سے جوڑیں تاکہ آنے والی نسل اسلام اور پیغمبر اسلام ؐ سے واقفیت حاصل کرسکیں اور ان کا ایمان باقی رہ سکیں۔ نجیب احمد نے تلگو زبان میں سیرت رسول ؐ کے پیغام کو لوگوں کے سامنے رکھا۔اننتارم میں جلسہ سیرت النبی ؐ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سید رضوان فلاحی سکریٹری جمعیۃ الحفاظ نے کہا کہ موجودہ دور میں سیرت رسولؐ کے پیغام کو عام کرنے اوراسے بہتر طریقہ سے انجام دینے کے لیے ہر مکتب فکر کے لوگوں کو ایک ساتھ لے کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حافظ صادق علی احمد نے کہا کہ ربیع الاول کا یہ مہینہ آقا کی ولادت کا مہینہ ہے ، اس مہینہ میں جہاں تک ہوسکے۔ آقا کی سیرت کو مسلمانوں اور غیر مسلموں تک پہنچانے کی کوشش کی جائے۔ ڈاکٹر عبدالقدوس نے تلگو زبان میں خطاب کرتے ہوئے اسلا م کی پیام انسانیت والی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر احمد بن سلیمان الجعیدی ،وصی الدین ،جمال کے علاوہ کثیر تعداد میں مسلم وغیر مسلم شریک تھے۔