مسجد شریفہ مکتھل میں جلسہ ، مفتی تجمل حسین قاسمی کا خطاب، درود شریف کثرت سے ورد کی تلقین
مکتھل /25 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضور اکرم ﷺ کی مقدس و عظیم سیرت طیبہ سے محبت اور اطاعت دینوی و اخروی نجات اور کامیابی کیلئے ضروری ہے جبکہ صرف محبت ہو ، اطاعت نہ ہو اور صرف اطاعت بغیر محبت کے نجات و کامیابی کیلئے رکاوٹ بنتی ہے ۔ اسی لئے محبت کے ساتھ اطاعت بھی شرط ہے اور یہ چیز اہل اللہ کی بابرکت صحبتوں سے حاصل ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی استاذ حدیث و فقہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد نے مکتھل میں مسجد شریفہ میں منعقدہ جلسہ سیرت النبی ﷺ کو مخاطب کرتے ہوئے 24 ستمبر بروز منگل بعد نماز مغرب منعقد ہونے والے اس جلسہ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے حضرت مفتی تجمل حسین قاسمی نے کہا کہ مرد حضرات نے حضورﷺ کی صحبت بابرکت سے فیضیاب ہوئے تو صحابہ کرام کہلائے گئے جبکہ خواتین نے آپ کی صحبت سے استفادہ کیا تو ان سب کو صحابیات کیا گیا ۔ اسی لئے اہل اللہ بزرگوں اور حضرات علماء کرام کی مجالس و صحبتوں سے استفادہ یہ دین اسلام کے رنگ میں ڈھلنے اور قلوب میں عشق محمدی کے جذب ہونے کا بڑا ذریعہ ہوتا ہے ۔ مولانا نے سیرت طیبہ کو عملی زندگیوں میں داخل کرنے پر زور دیا ۔مولانی تجمل حسن قاسمی سیرت کے حوالہ سے والدین کے ادب و احترام ، بیویوں سے حسن سلوک اور اللہ کی دی ہوئی نعمتوں پر شکر اور ہمیشہ استغفار و درود شریف کی کثرت سے اہتمام پر زور دیا اور کہا کہ درود شریف کا پابندی کے ساتھ اہتمام رزق و روزی میں برکت کے علاوہ دارین کی عافیت اور سکون کا سب سے بڑا ذریعہ ہے ۔ قبل ازیں مدرسہ تربیت البنات میں مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی نے خواتین کے ایک بڑے اجتماع کو بھی مخاطب کیا جبکہ اس جلسہ کو حافظ عبدالقوی حسامی ، مولانا حافظ غلام محمد رشیدی ، مولانا حافظ عبدالحمید رشادی نے بھی مخاطب کیا ۔ اس جلسہ کی کارروائی جناب انور حسین کونسلر نے بحسن و خوبی انجام دی ۔ اس عظیم الشان جلسہ میں مستقر کے علماء کرام ، حفاظ عظام مساجد کے ذمہ داران کے علاوہ مسلمانوں اور ملت اسلامیہ کے نوجوانوں کی ایک بڑی و قابل لحاظ تعداد موجود تھی ۔ مجلس انتظامیہ مسجد شریفہ کی جانب سے تمام شرکاء جلسہ کیلئے تناول طعام برائے خاص و عام کا نظم کیاگیا تھا ۔