اسوہ رسول ﷺ کو نمونہ عمل بنانے کی تلقین، اضلاع میں جلسہ ، جلوس میلادالنبی ؐکا جوش و خروش کے ساتھ انعقاد، علماء کا خطاب
سنگاریڈی ۔خواجہ غریب نواز ویلفئیر سوسائٹی سنگاریڈی کے زیر اہتمام میلاد گراؤنڈ سنگاریڈی پر 18 اکٹوبر کو بعد نماز عشاء مرکزی جلسہ جشن عید میلاد النبی ص جناب محمد جاوید علی قادری صوفیانی سرپرست اعلی خواجہ غریب نواز ویلفئیر سوسائٹی کی زیر نگرانی اور جناب محمد افضل حسین صدیقی صدر خواجہ غریب نواز ویلفئر سوسائٹی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز حافظ شاہ محمد قطب الرحمن افتخاری کی قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ مہمان مقرر مولانا سید نور میاں اشرفی الجیلانی النورانی (راجستھان ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی رحمت حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم وجہ تخلیق کل کائنات ہیں۔مولانا صوفی شاہ ماجد پاشا قادری شطاری سجادہ نشین حضرت علی پاشاہ قادری شطاری رح پیدا پور۔ مولانا محمد کریم الدین شاہ غوثوی نے بھی خطاب کیا حافظ سید فر قان نقشبندی نے ہدیہ نعت پیش کیا اور نظامت کے فرائض انجام دیے حافظ سلمان قادری اور مولوی محمد احمد حسین ساگر بودھن نے نعت پیش کی۔ کووڈ کی دوسری لہر میں عوامی خدمت کرنے والے افراد کو خواجہ غریب نواز ویلفئر ایوارڈ دیا گیا۔ مسٹر بالاجی ڈی ایس پی نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر محمود علی اسیر’ الحاج محمد خواجہ’ محمد اکرام علی عمر’ محمد مجیب الدین’ مقبول احمد خان’ خالد نظام الدین۔ معراج خان ہاشمی’ ایم اے رشید اور دیگر موجود تھے۔
جگتیال: جگتیال میں میلادالنی ﷺکے موقع پر مسجد پرانی پیٹھ انتظامیہ کمیٹی و اہلیان محلہ کی جانب سے چھلہ مبارک محبوب سبحانی پر میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں بعد نماز عصر شیرنی تقسیم کی گئی اور بعد نماز مغرب طعام کا اہتمام اور بعد نماز عشا نعتیہ پروگرام وجلسہ سیرت النبی ﷺ کا اہتمام کیا گیا جس کو عارف بھائی تبلیغی ساتھی نے بیان کیا اس موقع پر صدر ملت اسلامیہ جگتیال میر کاظم علی اور محمود علی افسر سپرنٹینڈنٹ سراج الدین منصور لیاقت علی محسن کے علاوہ دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کیے۔
پٹلم: مستقر پٹلم کی جدید نو تعمیر جامع مسجد کے احاطہ میں 18 اکٹوبر بروز پیر بعد نماز مغرب جلسہ شان مصطفی کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ صدارت مولانا سید بشیرالدین اشرفی حسامی نے کی ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید عابد قاسمی نے شرکت کی ۔ انتظامی کمیٹی تنظیم المساجد پٹلم کے صدر جناب محمد عبدالقدوس نے جلسہ کی زیر نگرانی کے فرائض انجام دئے ۔ حافظ و قاری سید عبدالمقیت فلاحی کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز کیا گیا ۔ جبکہ محمد ابراہیم نے نعت کلام پاک پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ 19 اکٹوبر بروز منگل صبح مسجد طور آٹو نگر پٹلم سے شان مصطفی کا جلوس مختلف راستوں سے نکالا گیا ۔ جس میں سب انسپکٹر مسٹر رنجیت ، این پی ٹی سی سرینواس ریڈی مقامی سرپنچ وجئے لکشمی سرینواس ریڈی ، المساجد صدر محمد عبدالقدوس نائب صدر شیخ کریم ، محمد ایوب ، شیخ قدیر ، شیخ) احمد نے جھنڈا ہاتھوں میں لیکر ریالی نکالی بعد ازاں مسجد طور کے احاطہ میں کھانے کا نظم رکھا گیا ۔
ظہیرآباد: سرکار کی آمد مرحبا آقا کی آمد مرحبا کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ جلوس میلادالنبی ﷺ صبح 10 بجے جدید عیدگاہ میدان سے نکالا گیا جو شہر ظہیرآباد کے مختلف مقامات سے گذرتا ہوا دوبارہ عیدگاہ میدان پہونچ کر اختتام پذیر ہوا ۔ جلوس کو عم سجادہ نشین حضرت سید شاہ عبدالعزیز قادری و صدر اہل سنت والجماعت ظہیرآباد حافظ سید شاہ افسر پاشاہ قادری نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ جلوس میں شرکت کرنے والوں کیلئے غیر مسلم بھائیوں نے پانی اور شربت تقسیم کرتے ہوئے بھائی چارگی کی مثال پیش کی ۔عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر کثیر تعداد میں نوجوانوں نے خون کا عطیہ دیا ۔ میلاد کمیٹی کے دیگر ذمہ داران گورے میاں سکندر ، محمد فاروق علی ، رفیق نوری اور دوسروں نے جلوس کے انتظامات کئے ۔ سید محب الدین قادری نے محکمہ بلدیہ ، محکمہ پولیس ، ڈی ایس پی شنکر راجو ، سرکل انسپکٹر راج شیکھر ، سب انسپکٹر سری کانت کے بشمول دیگر منتظمین کا شکریہ ادا کیا ۔
عادل آباد : میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ضلع عادل آباد کے بیلا منڈل مستقر پر مسلم کمیونٹی بیلا و جنیت اور دارالعلوم عزیزیہ دہی گاؤں کے اشتراک سے ناظم مدرسہ مولانا اکبر الدین حسامی کی سرپرستی میں ’’ خون کا عطیہ ‘‘ کیمپ کا انعقاد ایک فنکشن ہال میں عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر 160 نوجوان علماء ، حفاظ نے اپنے خون کا عطیہ دیگر ملک میں پھیلی ہوئی نفرتوں کے خاتمہ کو یقینی بنانے کی کوشش کی ۔ مہمان خصوصی کے طور پر ضلع کلکٹر شریمتی سکتا پٹنائک ، ایڈیشنل کلکٹر مسٹر رضوان باشاہ شیخ ، صدرنشین ضلع پرجا پریشد مسٹر جناردھن راٹھوڑ شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں اقدام کی بھرپور ستائش کی ۔ خون کے عطیہ کا آغاز مولانا اکبر الدین حسامی سے ہوا جبکہ اس تقریب میں حافظ نصیر ، حافظ ابو خان ، حافظ عرفان ، اعجاز خان ، محمد شہزاد ، مولوی عمر فاروق ، سمیر سلطان ، سرفراز ، عقیل ، تنویر و دیگر افراد کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ میلادالنبی ﷺ کا جلوس مستقر عادل آباد میں نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔
نظام آباد ۔ شہر نظام آباد میں جشن میلاد النبی ؐ جو ش و خوش کے ساتھ منایا گیا ۔ مفتی محمد سلمان رضا خان بریلی اور محمد عبدالرشید رضوی صدر میلاد کمیٹی نظام آباد کی صدارت مین جلوس محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کا اہتمام کیا گیا ۔ یہ جلوس محمدیؐ شہر کے دینی مرکزی ادارہ الجامعۃ الرضویہ انوارالعلوم ہاشمی کالونی سے ٹھیک 9 بجے صبح درود و سلام سے نکالا گیا ۔ علاقے ہاشمی کالونی سے نکل کر دیگر مختلف علاقوں و شاہرائوں مالاپلی ، بودھن روڈ ، مستعید پورہ ، احمد پورہ کالونی ، محمد یہ کالونی ، قلعہ روڈ ، احمدی بازار، دھاروگلی ، بڑا بازار ، اعظم روڈ سے ہوتا ہوا فقید المثال جلوس محمد ی ؐ نہروپارک سرکل پر نماز ظہر سے قبل ایک جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا ۔ جہاں پر علامہ مولانا مفتی محمد سلمان رضاء خان و مولانا مفتی شہزاد عالم کے درود و سلام اور تمام انسانیت اور عالم اسلام کی سلامتی کے علاوہ امن و سکون اور آپسی بھائی چارگی پرو اعظ و بیان اور دعا کے بعد جلوس محمدی ؐ اختتام پذیر ہوا ۔ واضح رہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے محکمہ بلدیہ نے جہاں شہر کے اقلیتی علاقوں میں اور جلوس کے گذرنے والے علاقوں اور شاہرائوں پر صاف صفائی کے نظم کو برقرار ررکھا وہی محکمہ پولیس کی جانب سے بھی اعلیٰ پولیس عہدیداروں اور ٹرافک پولیس کی جانب سے سیکوریٹی اور لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ اسی طرح جگہ جگہ پر مختلف قائدین کی جانب سے فروٹس ، پانی ، بسکٹ وغیر ہ جلوسوں میں تقسیم کئے گئے ۔
کوڑنگل: میلاد کمیٹی کوڑنگل کے زیر اہتمام شب یکم ربیع الاول تا شب 12 ربیع الاول بارہ روزہ جشن میلادالنبی ﷺ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ روزآنہ بعد نماز عشاء محلہ جات و مساجد میں سیرت اقدس کے بیشتر عنوانات کے تحت جلسے منعقد ہوتے رہے ۔ جن کو مقامی و بیرونی علمائے کرام نے مخاطب کرتے ہوئے تعلیمات نبوی ﷺ پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی ۔ 12 ربیع الاول کو 11 بجے دن سلطان بہا الدین گلشن صدر رحمتہ اللعلمین کمیٹی کی زیر قیادت جامع مسجد سے میلاد و جلوس نکالا گیا ۔ امبیڈکر چوراہا پر جلسہ عام منعقد ہوا ۔ ایس بی گلشن ایس ایم غوثن ، مولانا حافظ عبدالکریم اشرفی ، محی عادل ، شاکر قادری وغیرہ نے مخاطب کرتے ہوئے سیرت اقدس بیان کی ۔ پولیس کے معقول بندوبست پر منتظمین نے پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازیں مسٹر نریندر ریڈی رکن اسمبلی کوڑنگل نے جلوس کا استقبال کرتے ہوئے مخاطب کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں جناب سید خیرت علی قادری نے اپنی قیام گاہ پر مرد اور خواتین کیلئے موئے مبارک کی زیارت کا اہتمام کیا ۔
نرمل: ربیع الاول کا مہینہ دنیا کے سارے مسلمانوں کے لیے انتہائی خوشی ومسرت کا مہینہ ہے اس لیے اس مہینے میں پیغمبرِ اسلام حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم اس کائنات میں جلوہ افروز ہوئے ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم سارے انسانوں کے نبی ہیں ،آپ کی تعلیمات امن کی پیغامبر ہیں ،ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالعلیم قاسمی نائب قاضی نرمل نے آج بروزِ منگل 12 ربیع الاول کی مناسبت سے صراطِ مستقیم سوسائٹی نرمل کی جانب سے نرمل کے دونوں سرکاری دواخانوں کے مریضوں میں فروٹ پیاکیجس کی تقسیم کے موقع پر کیا ،جہاں بلالحاظِ مذہب وملت 180 مریضوں میں فروٹ پیاکیجس تقسیم کیے گئے اس پروگرام میں مفتی احسان شاہ قاسمی صدر صراطِ مستقیم سوسائٹی ، شیخ ارشان ،ایریا ہاسپٹل ڈاکٹرز ڈاکٹر وینوپال ،حافظ ابوماجد ،حافظ انور ،حافظ احمد حسین ،حافظ عمران ، شیخ شبیر صدر قمر سوسائٹی ،ابو عامر، فرحان محمد اکرام ودیگر شریک رہے۔
بانسواڑہ: بانسواڑہ میں جلوس محمدی نکالا گیا ۔ سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی ۔ پولیس کی جانب سے کافی بندوبست رہا ۔ دریں اثناء بانسواڑہ سرکاری دواخانہ میں جمعیت العلماء بانسواڑہ کی جانب سے ڈاکٹر سرینواس پرساد اور سرکل انسپکٹر رام کرشنا ریڈی کے ہاتھوں مریضوں میں فروٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر رام کرشنا ریڈی ، میناریٹی شادی خانہ چیرمین عبدالوہاب، مولانا عبدالرقیب ، محمد یوسف ، محمد کلیم ، محمد سلیم اور دوسرے موجود تھے ۔
جنگاؤں: جنگاؤں میں میلادالنبی ﷺ کے موقع پر جلوس اور موٹر سائیکل ریالی نکالی گئی ۔ ریالی گرنی گڈہ ، نہرو پارک ، ریلوے اسٹیشن ، گنڈلہ گڈہ ، مسلم میناریٹی کالونی ، آر ٹی سی کالونی سے ہوتے ہوئے بس اسٹانڈ چوراستہ پر ختم ہوئی ۔ وہاں پر درود و سلام کے بعد فاتحہ خوانی ہوئی اور طعام کا انتظام تھا ۔ اس موقع پر مظہر صمدانی ، محمد اعجاز ، محمد اقبال ، محمد بابا ، عارف ، اکبر ، معین ، سمیر ، مبشر ، عابد ، عمران ، عیسی ، نیاز الرحمن کے علاوہ دوسرے سینکڑوں لوگ موجود تھے ۔ پولیس کا معقول بندوبست تھا ۔
٭٭ ٹی ایس میسا جنگاؤں ضلع کی جانب سے سرکاری دواخانہ پر بلڈ ڈونیشن کیمپ میلادالنبی ﷺ کے موقع پر کیا گیا ۔ صدر ٹی ایس میسا محمد خواجہ مجتہد الدین نے کہا کہ حضور ﷺ نے ساری دنیا کیلئے انسانیت کا پیغام دیا ہے ۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ کی وجہ سے کئی لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے ۔ یہ کام ہر سال پابندی سے کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر محمد مسیح الرحمن کو آپشن ممبر مجلس بلدیہ ، محمد اطہر ، محمد تحسین، محمد حفیظ ،جہانگیر ، نورالدین اور دوسرے لوگ موجود تھے ۔
٭٭ محمد اظہر الدین یوتھ لیڈر کی جانب سے سرکاری دواخانہ جنگاؤں پر مریضوں میں میوہ تقسیم کیا گیا ۔ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر غریب عوام میں انہوں نے میوہ تقسیم کیا اور کہا کہ ہم کتنا بھی خرچ کریں کم ہے ۔ حضور ﷺ کی پیدائش کے موقع پر سماجی کام انجام دیا جارہا ہے ۔
محبوب نگر : راحت ویلفیئر سوسائٹی محبوب نگر کی جانب سے میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر مسجد علی با عبداللہ محلہ صدل گنڈو محبوب نگر میں جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس کو مولانا امیراللہ خان قاسمی نے مخاطب کیا اور امت مسلمہ کو سیرت النبی پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔علمائے اکرام نے کہا کہ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا تقاضہ یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کی جائے۔میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر راحت ویلفیئر سوسائٹی محبوب نگر کی جانب سے غریب و بیواہ خواتین میں سلائی مشین تقسیم کیے گئے۔ غیر مسلم سیاسی قائدین کو بلا کر ان کی شال پوشی کی گئی اور بتایا گیا کہ تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم رواداری اور بھای چارہ سکھاتے ہیں۔ عبدالرحمن صوفی صدر اور عبدالرؤف حسام الدین جنرل سکریٹری راحت ویلفیئر سوسائٹی ، اور عبدالرحمن موظف لیکچرار نے بتایا کہ راحت ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے سماج کے محروم طبقات کو معاش اور روزگار سے مربوط کرنے کی کوشش کی جائے گی جس کی یہ ابتدائی پہل ہے۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم سکریٹری اور محمد شریف نے بتایا کہ مستقبل قریب میں محلہ واری سطح پر ہیلت کیمپ اور ماہانہ ہیلتھ لیکچرز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
سداسو پیٹ : سداسواپیٹ شہر کے مدرسہ عربیہ عثمانیہ میں مولانا قاضی عبد الرحمن صاحب قاسمی سرپرست جمعیت علمائے ہند ظلع سنگاریڈی کہ زیر صدارت میں جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کیا گیا۔ اس جلسے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے۔مفتی اسلم سلطان صاحب قاسمی صدر جمعیت العلماء ہند ضلع سنگاریڈی اور محمد حشمت علی حسامی پٹن چیرو کے علاوہ مقامی علماؤں نے خطاب کیا۔اس موقع پر مہمان مقرروں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم اعلی ترین اخلاق کے حامل تھے۔اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو اعلی ترین اخلاق اختیار کرنے کی تعلیم دی۔جلسے کی نگرانی محمد شفیع صاحب بانی مدرسہ عربیہ عثمانیہ اور حافظ محمد شفیع الدین منہاجی ناظم مدرسہ عربیہ عثمانیہ نے کی۔جلسے کا آغاز مولانا صہیب رومی کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔اور نعت پاک کا نذرانہ حافظ بخاری محمد سلمان سلطان صاحب نے پیش کیا۔جلسے میں نظامت کے فرائض مولانا محمد مصطفی صاحب قاسمی نے انجام دیے۔ اس جلسے میں محمد احمد اللہ صاحب قاسمی ، مولانا محمد حامد الدین صاحب قاسمی اس کے علاوہ کئی علماء اکرام و حفاظ کرام نے شرکت کی۔
کاماریڈی: کاماریڈی میں جشن عید میلاد النبی ؐ جو ش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ مرکزی میلاد کمیٹی کی جانب سے مدینہ مسجد میں بلڈ ڈونیشن کا کیمپ کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے محبان رسول ؐنے اپنے خون کا عطیہ دیا اور ریالی نکالی نوجوانوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر شہر میں ریالی نکالی تو میناریٹی ایمپلائز کی جانب سے فروٹ کی تقسیم کا انعقاد عمل میں لایا۔ مرکزی میلاد کمیٹی کے صدر سید قدیر ، میلاد کمیٹی کے ذمہ داران سید انور احمد ، سید شاہد علی ، سید اسرار ، سید احمد علی ، سید کوثر علی کے علاوہ دیگر نے آج کاماریڈی میں زبردست جلوس نکالا اور مدینہ مسجد میں ریڈ کراس سوسائٹی اور محکمہ صحت عامہ کی نگرانی میں ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد عمل میں لا یا۔ 80 سے زائد نوجوان نے بلڈ ڈونیشن کیمپ پہنچ کر اپنے خون کا عطیہ دیتے ہوئے نبی کریم ؐ سے بے پناہ محبت کا اظہار کیا ۔رکن بلدیہ محمد امجد نے خود بھی خون کا عطیہ دیا۔ اس موقع پر رکن بلدیہ محمد سلیم کے علاوہ محمد عتیق و دیگر بھی موجود تھے ۔ میناریٹی ایمپلائز کی جانب سے سرکاری دواخانہ ضلع کلکٹر جتیش وی پاٹل کی نگرانی میں مریضوں میں میوہ تقسیم کئے ۔ جتیش وی پاٹل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور میناریٹی ایمپلائز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ میناریٹی ایمپلائز نے میلاد النبی ؐ کے موقع پر میوہ تقسیم کرنا قابل ستائش ہے انہوں نے عوام کو مبارکباد پیش اس موقع پر میناریٹی ایمپلائز کے صدر محمد بشیر ، سکریٹری محمد قیوم ، سپرنٹنڈنٹ اجئے کمار و دیگر بھی موجود تھے ۔
آتماکور: آتماکور میں 12 ربیع الاول کی رات تمام مسجدوں میں سیرت النبی کے جلسے منعقد ہوئے ، جامع مسجد اعظم جاہی میں حافظ عبدالمقتدر فیضی امام وخطیب نے خطاب کیا، مسجد سیدیہ میں مولانا احمد سعادت علی امام وخطیب مسجد محمدیہ ونپرتی اور علامہ محمد معصوم علی قادری نے خطاب کیا، مسجد نور میں مولانا عبدالعلیم رشادی امام وخطیب مسجد نور نے خطاب کیا، مسجد عمادی میں حافظ محمد ضیاء الرحمن فہیم ناظم مدرسہ اسلامیہ عماد العلوم نے خطاب کیا، 12 ربیع الاول کی صبح 9مرکزی جلوس ٹاؤن کے تمام اہم راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی اپنی مسجدوں کو پہونچ کر فاتحہ خوانی کے بعد عوام میں شرینی تقسیم عمل میں آئی دعوت عام کا بھی اہتمام کیا گیا ہے بعد اذاں سرکاری دواخانہ میں اور پرائیوٹ ہاسپٹل میں مریضوں میں کونسلر محترمہ تبسم بیگم شیخ محسن الدین، عبدالنوید، محمد انور قادری، محمد تاج، محمد انور پاشاہ کی جانب سے پھلوں، بریڈ اور فروٹ جوس کی تقسیم کی گئی ہے ۔ اس موقع پر الفلاح ٹرسٹ چئیرمین محمد شبیر احمد، محمد انور، عبدالواحد، نے مریضوں کی عیادت کی مہمان کے طور پر بلدیہ چئیرپرسن گائتری روی کمار یادو، وائس چیرمین وجئے بھاسکر ریڈی، بلدیہ کمشنر بی این کے رامیش نے تمام کو میلاد النبی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ساری انسانیت کی رہبری کیلئے آپ نبی کریم ﷺ دنیا میں تشریف لے آئے ہیں ان کے بتلائے ہوئے راستے پر عمل کریں گے تو کامیاب ہونگے دنیا میں امن و امان کی راہ بتلانے والے آپ ہیں ۔ اس موقع پر محمد جمشید بن غانم، محمد غیاث الدین اشرفی، محمد ابراہیم، محمد سراج الدین، ریاض علی،محمد مزمل، جاوید، اسلم، سمیر، رفیع، سیلم، ایوب،محمد عظمت اللہ اور دیگر موجود تھے آتماکور ایس آئی راگھویندار، اے ایس آئی بی چپلی اور پولیس عملہ کے ساتھ بندوبست کررہے تھے۔
کاغذ نگر: کاغذ نگر میں جشن ِ آمد رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر کاغذ نگر کے تمام مسجدوں کے ائمہ کرام اور مسلم سیاسی قائدین کی زیر نگرانی میں جلوس کا انعقاد عمل میں لایا گیا، اس جلوس مبارک میں کاغذنگر کے لگ بھگ تمام مسجدوں کے آئمہ اکرام، مسلم سیاسی قائدین، مسلم نوجوانوں کے علاوہ معصوم بچے اور بڑے لوگوں نے بھی اس جلسے مبارک میں شرکت کرتے ہوئے کامیابی کے ضامن بنے۔ عید میلاد النبی کا جلوس مبارک کاغذنگر کے مختلف علاقوں سے گزر تے ہو ئے جامع مسجد کے احاطے میں جلوس مبارک کا اختتام عمل میں لایا گیا۔ جلوس کے دوران مقامی سیاسی قائدین کی جانب سے جگہ جگہ پر پینے کے پانی اور میٹھے کی تقسیم عمل میں لائے گی، اس موقع پر مقامی علمائے کرام نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کی بدولت دنیا کا قیام عمل میں لایا گیا۔ حضور محمد صلی اللہ علیہ صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ ساری دنیا کے انسانوں کے لیے پیغمبر بھیجے گئے اس لیے ہمیں حضور محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو اپنی زندگی میں لانے کا مشورہ دیتے ہوئے اور حضور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ازدواجی زندگی پر غور کرتے ہوئے ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چلتے ہوئے اور سنتوں پر عمل پیرا ہونے کا مسلمانوں کو ہدایت دی۔