نبی اکرمﷺ مساوات انسانی کے علمبردار

   

نبی خانہ مبارک بیدر میں محفل میلاد سے مفتی محمد حنیف قادری اور دیگر علماء کا خطاب

بیدر 11ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مساوات کے علمبردارہی نہیں بلکہ مساوات کے بانی ہیں۔اسلام نے دنیا کو مساوات کا پیغام دیا برابری کا درس دیا اور مساوات کو قائم کیا۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا میں ایک انقلاب پیدا کیا۔ آپ جب دنیا میں تشریف لائے تو زندگی کے ہر شعبے کی نہ صرف اصلاح فرمائی بلکہ ایک عظیم انقلاب بر پا فرمایا ،ایک ایسا نظام قائم کیا جو ہر اعتبار سے دنیا کے سامنے ایک مثالی نمونہ اور آئیڈیل کہا جا سکتا ہے۔ معاشرتی شعبے میں جو بگاڑ تھے ان کا سد باب کیا۔ آپ نے اپنی تعلیم و تربیت اور خدمت کے ذریعہ نیک اور صالح معاشرہ تیار کیا۔رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے کعبہ کی چھت پر کھڑے کروا کر اللہ اکبر کی صدائیں بلند کروا کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طریقے سے ایک غلام کے معیار کو بلند فرمایا، اور مساوات کی عالمگیر مثال قائم کردی۔ اسلام کا نظام عدل و مساوات کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔دنیا کے سامنے آپ علیہ الصلوۃ والسلام کے اہم کارناموں میں ایک بہت بڑا کارنامہ مساوات کا درس ہے۔ جسے معاشرے کے اندر تسلیم کیا گیا اور انسانوں کو طبقات میں بانٹنے کے جتنے اسباب اور وجوہات تھے، ان کی اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ایک جڑ کو کاٹا اور مساوات اور رواداری کو پیدا کیا۔ عدم مساوات اور تفریق کا خاتمہ اور صالح معاشرے کی بنیاد اس عمل پر رکھی ہے کہ اگرایک ا نسان دوسرے انسان سے برتر ہو سکتا ہے تو وہ صرف تقوی اور عمل کی بنیاد پر ہو سکتا ہے۔ان پاکیزہ وروحانی خیالات کا اظہارمفتی محمد حنیف قادری نظامی نبی خانہ مبارک بیدر میں جناب ڈاکٹرالحاج سیّدحسام الدین قادری عزیز صدر قاضی دارالقضاء ت بیدر کی نگرانی میں منعقدہ 12؍روزہ محافل میلاد النبی ﷺ کی چوتھی مجلس میلاد کو بعنوان ’’بعنوا ن محمد ﷺ مساوات کے علمبردار ‘‘ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ ساری انسانیت کے لئے ایک بہترین نمونہ ہے، آپ نے مساوات انسانی کا ایک عظیم درس دیا۔ اے لوگو! تمہارا رب ایک ہے اور تمہارے والد ایک ہیں، تم سب آدم (علیہ السلام) سے ہو اور آدم (علیہ السلام) مٹی سے ہیں، اللہ تعالیٰ کے پاس تم میں بزرگ ترین وہ شخص ہے جو سب سے زیادہ پرہیز گار ہو، کسی عربی کو کسی عجمی پر کوئی فضیلت و فوقیت حاصل نہیں سوائے تقویٰ کے۔ سنو! کیا میں نے پیغام پہنچا دیا اے اللہ! تو گواہ رہ۔ حاضرین نے عرض کیا: ہاں! (آپ نے پیغام حق پہنچا دیا) آپ نے ارشاد فرمایا جو حاضر ہے اسے چاہیے کہ غائب تک یہ پیغام حق پہنچا دے کیونکہ اکثر جس کو بات پہنچائی جائے وہ راست سننے والے سے زیادہ اس کو یا درکھنے والا ہوتا ہے ۔ مولانا نے حضرت قاضی سید معین الدین قادری ؒصدر قاضی وجناب قاضی سید لطیف الدین قادری خسرو صدر قاضی مرحوم کیلئے دعائے مغفرت فرمائی۔ حضرت علامہ ڈاکٹر ابو الفداء شاہ ذوالفقار محی الدین صدیقی ملتانی نے پانچویںمجلس میلاد بعنوان ’’سیرت وعظمت ، اولاد وبنات مصطفی ﷺ‘‘کومخاطب کیا ۔قاضی سیّداویس احمد برادر قاضی نے تمام مہمانوں اور عاشقان رسول اﷲﷺ کا استقبال کیا اورانتظامات کی نگرانی کی ۔ جناب قاضی سیّد معین الدین حمزہ ، محمد فراست علی ایڈوکیٹ ، محمدعبیداﷲخان عطاری، محمد شفیع الدین نے حمد ، نعت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔مولانا کی دعائے سلامتی کے بعد سلام وفاتحہ کے بعدیہ روحا نی تقریب تکمیل ہوئی ۔ جناب محمدعطاء اﷲ صدیقی ، سنئیر صحافی محمد عبدالصمد منجووالانے نظامت کے فرائض بحسن خوبی انجام دیئے ۔مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی صدر نائب قاضی دارالقضاء ت بیدر نے اظہار تشکر کیا۔