نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ گیان واپی مسجد کے مسئلہ پر ایک انگریزی ٹی وی چینل پر بحث کے دوران پیغمبر اسلام کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے سے متعلق ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ایک رہنما کی شکایت کی بنیاد پر کیس کے سلسلے میں پونے کے کونڈوا پولیس اسٹیشن میں 31 مئی کو ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ آپ کو بتا دیں کہ اس تنازعہ میں بی جے پی ترجمان کے خلاف اس سے پہلے بھی دو کیس درج کیے گئے تھے،مسلمانوں کی ایک تنظیم رضا اکیڈمی کی شکایت کے بعد ممبئی میں تعزیرات ہند (IPC) کی دفعہ 295A، 153A اور 505B کے تحت اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایک پولیس افسر کی شکایت پر شرما کے خلاف حیدرآباد کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعہ 153 (A) 504، 505 (2) اور 506 کے تحت مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔