نتن گڈکری تلنگانہ میں 5 مئی کو 5416 کروڑ کے پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے

   

عنبرپیٹ کا فلائی اوور قوم کے نام معنون کریں گے، ریاستی وزیر جی کشن ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 3 مئی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری 5 مئی کو عنبرپیٹ کا فلائی اوور قوم کے نام معنون کرنے کے علاوہ تلنگانہ کیلئے 5416 کروڑ روپئے کے 26 پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی بالخصوص سڑکوں کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ریاست تلنگانہ کے 33 اضلاع کے منجملہ 32 اضلاع سے نیشنل ہائی ویز گذرنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی ترقی اور سرمایہ کاری کی حصولی کیلئے سڑکوں کا نیٹ ورک بہترین ہونا ضروری ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت سڑکوں کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ مرکزی وزیرٹرانسپورٹ نتن گڈکری تلنگانہ میں سڑکوں کی تعمیر اور ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ کانگریس کی زیرقیادت یو پی اے حکومت کے دوران تلنگانہ میں 2014ء تک صرف 2500 کیلو میٹر تک قومی شاہرے تھے مودی کے دورحکومت میں نیشنل ہائی ویز بڑھ کر تلنگانہ میں 5200 کیلو میٹر تک پہنچ گئے ہیں۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے تلنگانہ کی دات پات کی مردم شماری کو بے فیِض قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت نے مردم شماری نہیں کی صرف سروے کیا ہے۔ حکومت کے جاری کردہ کسی بھی سرکولر میں مردم شماری کا کہیں بھی تذکرہ نہیں کیا گیا صرف سروے کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ذات پات کا سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کو کانگریس پارٹی اپنی کامیابی قرار دے رہی ہے جو مضحکہ خیز ہے۔ بی جے پی سماجی انصاف کیلئے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی سروے کرارہی ہے۔2