نتن یاہو کا منصوبہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی : یو این او

   

Ferty9 Clinic

نیویارک ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے ایک انتباہی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کا مقبوضہ مغربی کنارہ کے کچھ حصوں کو اسرائیل کے ساتھ جوڑنے کا منصوبہ بین الاقوامی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہوگی۔ گوٹیرس کے ترجمان اسٹیفانی دوجارک نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا یہ قدم بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی اور اس سے اسرائیل ۔ فلسطین امن مذاکرات بھی متاثر ہوں گے اور ساتھ ہی ساتھ دو ملکی مسئلہ کے حل میں بھی یہ فیصلہ مشکلات پیدا کرے گا۔ بنجامن نتن یاہو وادی اردن اور بحیرہ مردار تک اسرائیلی حدود کی توسیع کرنا چاہتے ہیں جو مغربی کنارہ کا ایک تہائی حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ ہفتہ منعقد شدنی انتخابات میں انہیں (نتن یاہو) کامیابی مل جاتی ہے تو وہ اسرائیل کو وادی اردن اور بحیرہ مردار تک توسیع دیں گے۔