نتیش کمارکا قابل اعتراض رویہ : سی پی آئی

   

Ferty9 Clinic

تانڈور۔17دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سی پی آئی تانڈور ٹاؤن سکریٹری محمد منیر احمد نے بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک تقریب کے دوران مسلم خاتون کے نقاب کے ساتھ کیے گئے رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف ایک خاتون کی ذاتی آزادی پر حملہ ہے بلکہ آئینِ ہند میں دی گئی مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔سی پی آئی رہنما نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی جمہوری ملک میں، بالخصوص ایک منتخب وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے، اس طرح کا عمل ناقابلِ قبول ہے۔ نقاب یا حجاب کسی بھی خاتون کا ذاتی اور مذہبی حق ہے، جس میں مداخلت کرنا انسانی وقار کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سیکولر روایت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ کسی فرد کے مذہبی لباس یا شناخت پر زبردستی سوال اٹھایا جائے۔ سی پی آئی اس طرح کے واقعات کو سماجی ہم آہنگی کے لیے خطرہ قرار دیتی ہے۔سی پی آئی تانڈور ٹاؤن سکریٹری نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار اس واقعے پر عوامی طور پر وضاحت پیش کریں اور مسلم خواتین سے معافی مانگیں، تاکہ ملک میں اقلیتوں کے اعتماد کو بحال کیا جا سکے۔