چیف منسٹربہارسے معذرت خواہی کا مطالبہ‘ملی محاذ قائدین
محبوب نگر؍ 20دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نتیش کمار چیف منسٹر بہار کی جانب سے ایک مسلم ڈاکٹر کے حجاب کو ہٹانے کا عمل ملک کے مسلمانوں کی توہین کے مترادف ہے۔ ان خیلات کا اظہار محمد تقی حسین تقی کنوینر ملی محاذ نے دفتر ملی محاذ پر منعقدہ ایک صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ محمد تقی حسین نے کہا کہ اگر چہ یہ فعل کسی بی جے پی قائد کے ہاتھ ہوتا تو یہ سمجھ میں آتا کہ وہ مخالف مسلم، مخالف حجاب ذہنیت رکھتے ہیں لیکن اپنے آپ کو سیکولر کہلائے جانے والے ملک کے قدآور رہنما و چیف منسٹر بہار کے ہاتھوں ہوئے اس عمل سے ملک کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے محمد تقی حسین نے مزید کہا کہ اپنے اس عمل کیلئے نتیش کمار کو چاہئے کہ وہ ملک کے مسلمانوں سے معافی مانگیں۔ اگر ایک چیف منسٹر یہ حرکت کرتا ہے تو ریاست کے غیر سماجی عناصر اس طرح کے عمل کیلئے آزاد ہو جائینگے۔ جس سے ریاست میں مسلم خواتین کا تحفظ مشکل میں پڑ جائیگا۔ملی محاذ قائدین نے کہا کہ ملک میں دانستہ طور پر مسلمانوں کوذہنی اذیت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کچھ اقدامات ایسے ہیں جس سے ایسا لگتا ہے ملک میں بر سر اقتدار جماعت اور اسکی محاذی تنظیمیں ملک میں مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کرنا چاہتے ہیں۔ ان قائدین نے مزید کہا کہ چیف منسٹر بہار کے اس عمل کے خلاف ملی محاذ کی جانب سے احتجاج درج کیا جائیگا . اس موقع پر طیب باشوار کو کنوینر ،عبداللہ سنی ایڈوکیٹ کنوینر لیگل سیل، محمد حافظ محمد معز قادری بشیر قادری، جائنٹ کنوینرس ملی محاذ و دیگر موجود تھے۔
مرکزی حکومت کی سازش‘ دیہی روزگار گیارنٹی قانون کوکمزورکیاجارہا ہے :ڈاکٹر روہت
میدک، 20؍ دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت دانستہ طور پر مہاتما گاندھی دیہی روزگار گارنٹی قانون کو غیر مؤثر بنانے کی سازش کر رہی ہے، جو دیہی عوام کو روزگار فراہم کرنے کے لیے یو پی اے حکومت کے دور میں کانگریس قیادت میں متعارف کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے نام، نفاذ کے طریقہ کار میں تبدیلی دراصل غریب عوام کے پیٹ پر لات مارنے کے مترادف ہے۔ پارٹی کی اپیل پر بدھ کے روز ان کی قیادت میں کانگریس قائدین و کارکنان نے ضلع کلکٹریٹ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریبوں کے روزگار کی ضمانت کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ روزگار کے دنوں کو دو سو تک بڑھایا جائے اور قانون کو پوری سختی کے ساتھ نافذ کیا جائے۔
اس احتجاجی پروگرام میں ڈی سی سی صدر انجنیلو گوڑ، سینئر قائدین سْپربھات راؤ، سرینواس چودھری، ستیہ نارائن، ضلع کسان سیل صدر پربھاکر ریڈی، بلاک کانگریس صدور،حفیظ الدین۔رمیش ریڈی اور موہن گوڑ یوتھ کانگریس اورٹاون و منڈل کانگریس کے متعدد قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔
