نتیش کمار اور کے سی آر میں دوریاں واضح ہوگئیں: کشن ریڈی

   


کیا صورت لے کر بہار کا دورہ کیا؟ ، چیف منسٹر کے طرز عمل پر قائدین ہنس رہے ہیں
حیدرآباد ۔یکم ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کے دورہ بہار پر سخت تنقید کی اور سوال کیا کہ کیا صورت لے کر بہار کا دورہ کیا گیا ۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ بہار دورہ کے بارے میں چیف منسٹر کو وضاحت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر بعض ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف جھوٹی مہم چلا رہے ہیں۔ عوام کو کے سی آر خاندان کے کارناموں سے واقف کرایا جارہا ہے۔ کسی بھی ریاست کے عوام نے کے سی آر کے پروپگنڈہ کو سنجیدہ نہیں لیا ہے ۔ ان کے طرز عمل کو دیکھتے ہوئے دیگر ریاستوں کے قائدین ہنس رہے ہیں۔ پٹنہ میں کل ملاقات کے موقع پر دونوں قائدین میں دوریاں صاف دکھائی دے رہی تھی۔ نتیش کمار درمیان سے اٹھ کر جانے لگے تو کے سی آر نے ان سے بیٹھنے کی درخواست کی ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی لیڈر اس بات پر بھروسہ نہیں کرسکتا کہ کے سی آر کب کیا کہیں گے۔ تلنگانہ کی ترقی کے بارے میں بلند بانگ دعوے کئے گئے اور ملک بھر کے لئے تلنگانہ ماڈل پیش کیا گیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان کی حکمرانی ہے اور یہ خاندان بدعنوانیوں میں ملوث ہے۔ ملک بھر میں تلنگانہ کی طرح بدعنوان حکمرانی کی سفارش کی جارہی ہے ۔ عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام کے سی آر دیگر ریاستوں میں اپنی بڑائی بیان کر رہے ہیں۔ مہینہ میں 15 دن کے سی آر فارم ہاؤز میں گزارتے ہیں۔ انہیں بی جے پی پر تنقید کا اخلاقی حق نہیں پہنچتا۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں فرقہ وارانہ فسادات پر قابو پالیا گیا۔ کے سی آر تلنگانہ چھوڑ کر دیگر ریاستوں کا دورہ کیوں کر رہے ہیں۔ سابق میں بہار کے بارے میں کے سی آر نے سخت تنقید کی تھی اور تلنگانہ کے وسائل بہار منتقل کرنے کا الزام عائد کیا تھا لیکن آج وہ کیا صورت لے کر بہار پہنچے تھے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر بی جے پی کے خلاف لاکھ مہم چلائیں ، عوام بھروسہ نہیں کریں گے ۔ر