دسویں بار بہار کے چیف منسٹر بنیں گے ، آج حلف برداری
پٹنہ، 19 نومبر (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے چہارشنبہ کو قومی جمہوری اتحاد کے قانون ساز پارٹی کے رہنما منتخب کیے جانے کے بعد اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا اور گورنر عارف محمد خان کے سامنے نئی این ڈی اے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے رہنما منتخب ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار سیدھے راج بھون پہنچے اور گورنر عارف محمد خان سے ملاقات کی۔ کمار نے گورنر خان کو اپنا استعفیٰ سونپا اور نئی این ڈی اے حکومت کی تشکیل کا باضابطہ دعویٰ بھی پیش کیا۔ کمار نے اپنے دعوے کے ساتھ تمام این ڈی اے اراکین اسمبلی کی فہرست اور اتحاد میں شامل جماعتوں کی جانب سے جاری کردہ حمایت نامے بھی گورنر کو فراہم کیے۔ اس سے قبل آج دن میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو این ڈی اے قانون سا ز پارٹی کا رہنما متفقہ طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں نو منتخب ارکان اسمبلی کے علاوہ این ڈی اے کے تمام اعلیٰ رہنما موجود تھے ۔ میٹنگ میں شامل ہونے والوں میں لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے قومی صدر چراغ پاسوان، راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کے قومی صدراپندر کشواہا اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے سربراہ جیتن رام مانجھی بھی موجود تھے ۔ مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے اس موقع پر کہا کہ حال ہی میں منعقد بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی تاریخی کامیابی میں خواتین کی جانب سے ملنے والے تعاون کی ضرور ستائش کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے این ڈی اے کو ایک بار پھر خدمت کا موقع دینے کیلئے بہار کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے کہا کہ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ تقریباً بیس برسوں تک اقتدار میں رہنے کے باوجود وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف کوئی حکومت مخالف لہر نہیں تھی۔
کلیان بنرجی کے خلاف ایف آئی آر درج
کولکاتہ، 19 نومبر (یو این آئی) راج بھون کی جانب سے مغربی بنگال کے گورنر ڈاکٹر سی وی آنند بوس کے حکم پر ہیر اسٹریٹ تھانہ میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے لوک سبھا رکن کلیان بنرجی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ یہ ایف آئی آر ان کے اس مبینہ بیان کے بعد درج کی گئی ہے ، جس میں انہوں نے گورنر پر راج بھون میں اسلحہ، بم ذخیرہ کرنے اور بی جے پی کو ٹی ایم سی رہنماؤں کو قتل کرنے کیلئے فراہم کرنے کا الزام لگایا تھا۔ یہ ایف آئی آر بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 151کے تحت درج کی گئی، جو ناقابل ضمانت ہے۔ کلیان بنرجی پر متعدد دیگر دفعات کے تحت بھی الزامات عائد ہیں۔