نتیش کمار بھی بی جے پی چھوڑنے تیار ؟ ۔ لالو کی کتاب میں دعوی

   

چیف منسٹر بہار نے پرشانت کشور کو بارہا مجھ سے ملاقات کیلئے بھیجا تھا ۔ سابق چیف منسٹر کا ادعا
پٹنہ ( بہار ) 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے اپنی جلد منظر عام پر آنے والی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار بہار کے مہا گٹھ بندھن میں واپس ہونا چاہتے تھے ۔ اس مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ پوری ذمہ داری سے یہ بات کہنا چاہتے ہیںکہ نتیش کمار نے کئی بار کوشش کی اور واضح کیا کہ وہ مہاگٹھ بندھن میں شامل ہونا چاہتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے کئی گوشوں سے کوشش کی تھی لیکن کوئی بھی کوشش ثمر آور نہیں ہوئی ۔ تیجسوی یادو نے یہ دعوی بھی کیا کہ نتیش کمار نے این ڈی اے میں واپسی کے اندرون چھ ماہ ہی مہاگٹھ بندھن میں واپسی کی کوشش کی تھی ۔کہا جا رہا ہے کہ لالو پرساد یادو نے بھی اپنی کتاب میں تحریر کیا ہے کہ نتیش کمار مہا گٹھ بندھن میں واپسی کیلئے اتنے بے چین تھے کہ انہوں نے اپنے قریبی رفیق کار پرشانت کشور کو ان سے ملاقات کرنے پانچ مرتبہ روانہ کیا تھا ۔ کتاب میں دعوی کیا گیا ہے کہ نتیش کمار کی ہر بار کی کوشش کو لالو پرساد یادو نے مسترد کردیا تھا ۔ اس دوران لالو پرساد یادو کے دعوی پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے نتیش کمار کے قریبی ساتھی پرشانت کشور نے لالو یادو کے دعووں کی تردید کی ہے ۔ پرشانت کشور نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ لالو یادو نے جو دعوی کیا ہے وہ درست نہیں ہے ۔ اپنے اچھے دن دیکھنے کے بعد لالو یادو اس طرح کا دعوی کر رہے ہیں۔ پرشانت کشور نے تاہم یہ توثیق کی کہ ان کی لالو پرساد یادو سے کافی مرتبہ ملاقاتیں ہوئی ہیں لیکن یہ ملاقاتیں ان کے جے ڈی یو میں شامل ہونے سے پہلے ہوئی تھیں اور ان ملاقاتوں میں جو کچھ بات چیت ہوئی ہے اگر وہ اس کا انکشاف کریں تو خود لالو یادو الجھن کا شکار ہوجائیں گے ۔