نتیش کمار سارے بہار کی ترقی کیلئے کوشاں : شراون

   

پٹنہ: بہار کے دیہی ترقی کے وزیر شراون کمار نے کہا کہ چیف منسٹر نتیش کمار سارے بہار کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ پٹنہ میٹروپولیٹن جنتا دل یونائیٹڈ ورکرس کانفرنس کا انعقاد ہفتہ کو پٹنہ میٹروپولیٹن ضلع صدر آصف کمال کی صدارت میں کیا گیا۔ اس کا افتتاح کرتے ہوئے دیہی ترقی کے وزیر شراون کمار نے کہا کہ چیف منسٹر نتیش کمار سارے بہار کی ترقی کیلئے کوشاںہیں۔ 10 لاکھ 63 ہزار خواتین کے گروپ بنائے گئے ، ایک لاکھ دو ہزار خواتین کو خصوصی مدد دی جا رہی ہے اور انہیں حکومت سے روزی روٹی کمانے 2-2 لاکھ روپے رقم دی گئی ہے ۔ تالاب کی دیکھ بھال اور بکری پالنے حکومت سے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ پہلی بار بہار کی خواتین کاروباریوں کو سرس میلے میں اسٹال لگانے میں ترجیح دی گئی تاکہ خواتین تاجروں کا سامان فروخت ہوسکے ۔ اجتماع سے خطاب میں جے ڈی یو جنرل سکریٹری اور سابق وزیر شیام رجک نے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے دلتوں کی سماجی، اقتصادی اور سیاسی ترقی کیلئے بہت کام کیے ہیں۔ آزادی کے بعد کچھ لوگوں نے دلتوں کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا تاکہ حکومت بنائی جاسکے ۔ 20 سال کے اقتدار میںچیف منسٹر نتیش کمار نے پنچایت میں سماجی، اقتصادی اور سیاسی جگہوں پر ریزرویشن دیا، تعلیم کیلئے امبیڈکر ہاسٹل بنا کر تعلیمی ترقی کا کام کیا اور معاشی ترقی کیلئے اسکیمیں بنا کر کاروباری افراد کو بااختیار بنایا۔جنتا دل یونائیٹڈ ترجمان راجیو رنجن پرساد نے کہا کہ چیف منسٹر نتیش کمار کے 20 سال اقتدار میں سماج کے کمزور طبقات کی بہتری کیلئے منفرد کام کیا گیا ۔