پٹنہ: رمضان کے اس مقدس مہینے میں لالو پرساد یادو کے گھر افطار پارٹی کا انعقاد گزشتہ کئی سالوں سے ہوتا آرہا ہے۔ شوہر کی اس روایت کو لالو پرساد یادو کی بیوی رابڑی دیوی نے بدستور جاری رکھا ہے۔ کل لالو یادو کی غیر موجودگی میں رابڑی دیوی نے اپنے سرکاری 10 سرکلر رہائش گاہ پر روزے داروں کے لئے افطار پارٹی کا انعقاد کیا، جس میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے لے کر وزیر صنعت شہنواز حسین، کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا، چراغ پاسوان سمیت کئی سیاسی ہستیاں شامل ہوئیں۔ ان سیاسی ہستیوں کے علاوہ بڑی تعداد میں روزے دار بھی اس افطار پارٹی میں پہنچے اور یہاں آکر اپنا روزہ کھولا۔ اس کے بعد ان روزہ داروں نے ملک دنیا کی بہتری کی دعائیں کی۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار جب رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پہنچے، تب لالو یادو فیملی نے ان کا گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا۔ تیج پرتاپ سے لے کر میسا بھارتی رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو نے نتیش کمار کے ساتھ کافی دیر تک بات چیت کی۔ نتیش کمار سے ہوئی بات چیت کو لے کر جب میڈیا نے تیج پرتاپ سے پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ سیاسی باتیں ہوئی ہیں۔ ہم لوگ حکومت بنائیں گے تجسوی یادو وزیراعلیٰ بنیں گے۔ حالانکہ ان سے جب یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا نتیش کمار اس حکومت کا حصہ ہوں گے تو اس پر تیج پرتاپ نے کہا کہ اس کا جواب ان سے لیجئے، ویسے ہم لوگ مل کر حکومت بنائیں گے۔