نتیش کمار نے حلف برداری تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا

,

   

Ferty9 Clinic

پٹنہ، 18 نومبر (یواین آئی) بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے منگل کو گاندھی میدان پہنچ کر نئی حکومت کی حلف برداری تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔نئی حکومت کی حلف برداری تقریب 20 نومبر کو ہونے والی ہے ۔ معائنے کے دوران وزیر اعلیٰ نے ا سٹیج پر مہمانوں کے بیٹھنے کے انتظامات اور فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کے بارے میں حکام سے تفصیلی معلومات طلب کیں۔ عہدیداروں نے وزیراعلیٰ کو وی آئی پیز، نو منتخب ایم ایل ایز، سینئر لیڈروں اور حلف برداری کی تقریب میں متوقع مہمانوں کی ایک بڑی تعداد کے لئے بیٹھنے کے انتظامات، سیکورٹی اور دیگر ضروری سہولیات کے بارے میں بھی بتایا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، وزیر جئے کمار چودھری، وزیر نتن نوین، وزیر سنجے سراگی، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری پرتیئے امرت، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ونئے کمار، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ اورکابینہ سکریٹریٹ محکمہ اروند کمار چودھری، وزیراعلیٰ کے سکریٹری انوپم کمار ، وزیراعلیٰ کے سکریٹری کمار روی ، وزیراعلیٰ سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ، وزیر اعلیٰ کے اسپیشل ایگزیکٹیو آفیسر گوپال سنگھ، محکمہ داخلہ کے سکریٹری پرنو کمار، کمشنر پٹنہ ڈویژن انیمیش پراشر، پٹنہ رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس جتیندر رانا، ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگراجن ایس ایم، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کارتکیہ کے شرما اور دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔