نتیش کمار کیلئے مہاگٹھ بندھن کے دروازے کھلے ہیں : لالو یادو

   

آر جے ڈی سربراہ کے بیان سے سیاسی حلقوں میں زبردست ہلچل

پٹنہ :بہار میں اس سال اسمبلی انتخابات کی تیاری ہورہی ہیں اور جیسے جیسے انتخابات کا موسم قریب آرہا ہے سیاسی حلقوں میں بیانات اور جوابی بیانات کی بھرمار ہے۔یکم جنوری کو ایک یوٹیوب چینل کے ساتھ انٹرویو میں، آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے تبصرہ کیا کہ چیف منسٹر نتیش کمار کیلئے عظیم اتحاد (مہاگٹھ بندھن) میں دوبارہ شامل ہونے کیلئے دروازے کھلے ہیں۔انٹرویو کے دوران لالو نے کہا کہ نتیش کمار ہمارے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ ان کے دروازے عوام اور نتیش کمار دونوں کے لیے کھلے ہیں۔ دوبارہ مل کر کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ میڈیا نمائندوںکی طرف سے اس پر سوال کیا گیا تو نتیش کمار نے ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کیا بول رہے ہیں…چھوڑئے نا۔ بس جانے دو۔لالو کے تبصروں کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر للن سنگھ نے کہا کہ ہم این ڈی اے کے ساتھ ہیں اور پوری مضبوطی کے ساتھ ہیں۔ میں لوگوں کی باتوں پر ردعمل ظاہر نہیں کر سکتا – اظہار رائے کی آزادی ہے لوگ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں۔لالو یادو کے بیٹے تیجسوی یادو نے بھی اس پر کہا کہ ہم نے پہلے ہی اپنے دل کی بات کہہ دی ہے۔ جب صحافی پوچھتے ہیں تو لالو جی نے چیزیں ٹھنڈا کرنے کیلئے کہا ہوگا، اس میں کیا حرج ہے؟تیجسوی نے پہلے کہا تھا کہ اگر نتیش کمار واپس آنا چاہیں تو بھی انہیں واپس نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نتیش کمارکو واپس لانا خود کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا۔ تاہم لالو کے تازہ بیان سے بہار میں سیاسی قیاس آرائیاں ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ دہلی کے حالیہ دورے کے دوران چیف منسٹر نتیش کمار کی پیر کو بی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات متوقع تھی۔ تاہم شام تک، منصوبے بدل گئے اور نتیش کمار جے پی نڈا سے ملاقات کیے بغیر پٹنہ واپس آ گئے۔لالو یادو کے نتیش کے لیے دروازے کھلے ہونے کے بیان کے بعد قیاس آرائیوں کو ہوا مل گئی ہے جبکہ بہار کے چیف منسٹر کے خفیہ جواب نے اس سسپنس کو اورف بڑھا دیا ہے۔