نتیش کمار کی سیلاب متاثرین کوڈی بی ٹی کے ذریعہ امداد

   

پٹنہ، 20 اگست (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج اس سال سیلاب سے متاثرہ کنبوں کو ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) کے ذریعے براہِ راست ان کے بینک کھاتوں میں فی کنبہ 7 ہزار روپے کی شرح سے مالی امداد کی ادائیگی کا آغاز کیا۔آج 12 اضلاع کے 6 لاکھ 51 ہزار 602 متاثرہ کنبوں کو 7 ہزار روپے فی کنبہ کی شرح سے مجموعی طور پر 456 کروڑ 12 لاکھ روپے ادا کیے گئے ۔ تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے 13 اگست کو سیلاب متاثرہ اضلاع کے افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس کیا تھا اور 14 اگست کو پٹنہ، ویشالی، بیگوسرائے اور مونگیر اضلاع کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی معائنہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی تھی کہ متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کارروائی جنگی سطح پر چلائی جائے اور 20 اگست 2025 تک سیلاب سے متاثرہ کنبوں کو مالی امداد کی ادائیگی شروع کر دی جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ آج 12 اضلاع کے 6 لاکھ 51 ہزار 602 متاثرہ کنبوںکو سات ہزار روپے فی کنبہ کی شرح سے 456 کروڑ 12 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے ۔