پٹنہ، 3 اپریل (یو این آئی) وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو زیڈ سکیورٹی دینے سے متعلق بہار حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ایک طرف جہاں ان کے ممکنہ استعفیٰ کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، وہیں آر جے ڈی نے اسے بی جے پی کی سیاسی چال قرار دیا ہے ۔اس نوٹیفکیشن میں مبینہ طور پر مسٹر کمار کے راجیہ سبھا جانے کے بعد ان کے سکیورٹی انتظامات کے ’’جامع جائزے ‘‘ کا ذکر کیا گیا ہے ، جس کے بعد سیاسی راہداریوں میں ان کے استعفیٰ کی سرگوشیاں شروع ہو گئی ہیں۔ یہ نوٹیفکیشن ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب وزیر اعلیٰ مسٹر کمار کے استعفیٰ کے وقت کے سلسلے میں طرح طرح کے قیاس لگائی جا رہی تھیں۔بہار حکومت کے اس فیصلے کے بعد سیاسی بحث تیز ہو گئی ہے اور ریاست کی دو بڑی سیاسی جماعتوں آر جے ڈی اور بی جے پی کے درمیان الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔اپوزیشن جماعت آر جے ڈی نے اس قدم پر سخت احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ نوٹیفکیشن نتیش کمار کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے برسراقتدار بی جے پی کی جانب سے دباؤ کی سیاست کا حصہ ہے ۔ دوسری جانب بی جے پی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے آر جے ڈی پر اس معاملے کی سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے ۔آر جے ڈی کے سابق ایم ایل اے اور پارٹی کے ترجمان اعلیٰ شکتی سنگھ یادو نے سوال اٹھایا اور کہا کہ آخر افسران نے وزیر اعلیٰ کے استعفیٰ کی پیش گوئی کیسے کر لی۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ کی اطلاع کے بغیر پہلے سے ایسا نوٹیفکیشن کیسے جاری کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے اس پیش رفت کو “غیر معمولی” قرار دیتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نتیش کمار کو اس معاملے کی جانکاری ہے ، تو انہیں نوٹس لے کر ذمہ دار افراد کے خلاف قدم اٹھانا چاہیے ۔