پٹنہ، 6 مارچ (یو این آئی) بہار کانگریس کے صدر راجیش رام نے جمعرات کے روز کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو سیاسی طور پر کمزور کرنے کے بعد بی جے پی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کو بھی تباہ کر دے گی۔ راجیش رام نے آج نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے وزیر اعلی نتیش کمار کو راجیہ سبھا میں داخل ہونے پر مجبور کرکے سیاسی طور پر کمزور کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں بھیجنے کے اقدام سے 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات کے دوران دیا گیا نعرہ ’’25 سے 30، نتیش پھر سے ‘‘ بے نقاب ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ بی جے پی ریاست کے سیاسی افق سے جے ڈی یو کو ختم کرنے کا منصوبہ بنا چکی ہے ۔ کانگریس صدر راجیش رام نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے اتحادیوں کے ساتھ کبھی ایماندار نہیں رہی۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا 2030 کا سال آ گیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ بہار کے عوام نے نتیش کمار کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا تھا، لیکن بی جے پی نے انہیں چھ ماہ کے اندر ہی عہدے سے ہٹا دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے وزیر اعلی نتیش کمار کو ایک مکھوٹے کے طور پر استعمال کیا۔
مسٹر راجیش رام نے کہا کہ وزیر اعلی مسٹر نتیش کمار کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کے بعد بی جے پی نے انہیں صرف چھ ماہ کے اندر ہی ہٹا دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے لیے بی جے پی کی طرف سے کھیلی جانے والی “گندی سیاست” سے بہت تکلیف ہوئی ہے ۔
کانگریس لیڈر نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی نے مسٹر نتیش کمار کو وزیر اعلی کے عہدہ سے ہٹانے کے لیے ذہنی طور پر کمزور کرنے کے لیے مختلف “گندے ہتھکنڈوں” کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانا جے ڈی (یو) کارکنوں کے جذبات کا قتل کرنے کے مترادف ہے ۔