نجیب رزاق بدعنوانی معاملہ کی سماعت ملتوی

   

Ferty9 Clinic

کوالالمپور ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ملایشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے خلاف 1MDB (خطیر رقمی بدعنوانی) معاملہ میں جہاں اُن پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے مختص خطیر رقم کو اپنے شخصی بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردیا تھا ، کی آئندہ سماعت کو عدالت نے استغاثہ کے وکلاء کی اُس درخواست کے بعد ملتوی کردیا جہاں انہوں نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ اس معاملہ پر بحث کرنے پوری طرح تیار نہیں ہیں۔ گزشتہ سال نجیب رزاق کو عام انتخابات میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ عوام نے ایک بدعنوان قائد کو وزیراعظم کے عہدہ پر دیکھنا پسند نہیں کیا تھا ۔ 1MDB (1 ملایشیا ڈیولپمنٹ برہاد) سے کروڑہا ڈالرس کا غبن کرلیا گیا تھا اور خطیر رقومات کا استعمال رئیل اسٹیٹ کی خریداری سے لے کر فنکاری کے محتلف نمونوں کی خریداری میں کیا گیا تھا یا یوں کہنا بہتر ہوگا کہ بیدردی کے ساتھ لٹادیئے گئے تھے جس کی مجموعی مالیت 2.28 بلین رنگیٹ (550 ملین ڈالرس) بنائی گئی ہے ۔ پیر کے روز سماعت ہونے والی تھی لیکن استغاثہ کے وکیل گوپال سری رام نے اس معاملہ کی سماعت کیلئے جج سے اگلے ماہ تک کی مہلت طلب کی جبکہ جج نے مہلت تو دی ہے لیکن صرف آئندہ پیر تک ۔ یاد رہے کہ نجیب رزاق نے اُن پر عائد کئے گئے تمام الزامات کی تردید کی ہے ۔