نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے ہفتے کو نجی شعبہ سے سرمایہ کاری بڑھانے کی اپیل کی اور نئے زرعی قانونوں کا بچاؤکرتے ہوئے کہا کہ ان کا فائدہ اب کسانوں کو ملنے لگا ہے ۔مسٹر مودی نے صنعتی تنظیم ایسوچیم کے قیام کے 100 سال پورے ہونے کے موقع پر اسٹیبلشمنٹ ویک کی تقریب سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستانی معیشت پر دنیا کو بھروسہ ہے ۔کووڈ 19 کی وبا کے دوران ہندوستان میں ریکارڈ غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ہے ۔ لیکن ساتھ ہی گھریلو صنعتوں کے ذریعہ نجی سرمایہ کاری بھی بڑھانے کی ضرورت ہے ۔خصوصاً تحقیق اور ترقی پر سرمایہ کاری بڑھانا ضروری ہے ۔وبا کی وجہ سے سرکاری وسائل پربڑھے دباؤ کے درمیان معیشت کو پٹری پرلانے کے لئے نجی شعبہ کے ذریعہ سرمایہ کاری بڑھانا ضروری ہے ۔دوسری طرف نجی شعبہ پر بھی وبا کی مار پڑی ہے جس سے نجی سرمایہ کاری بڑھانا بڑا چیلنج بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں آر اینڈ ڈی (ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ) پر سرمایہ کاری بڑھائے جانے کی بہت ضرورت ہے۔ امریکہ میں آر اینڈ ڈی پر 70 فیصد سرمایہ کاری نجی شعبہ کے ذریعہ ہوتی ہے جبکہ اپنے ملک میں 70 فیصد سرمایہ کاری حکومت کے ذریعہ ہوتی ہے ۔