ندا حفیظ میڈل نہیں دل جیتنے میں کامیاب

   

پیرس ۔ ندا حفیظ کا نام اس وقت کھیلوں کے شائقین کے لبوں پر ہے۔ اس کھلاڑی نے پیرس اولمپکس میں کوئی میڈل نہیں جیتا لیکن اس کے باوجود لوگ ندا کو سلام پیش کر رہے ہیں۔ ندا حفیظ فینسنگ کے سنگلز سیبر ایونٹ میں شکست کے بعد اولمپکس باہر ہوگئی ہیں تاہم شائقین جس وجہ سے ان کے جذبہ کو سلام کررہے ہیں وہ وجہ انتہائی چونکا دینے والی ہے۔ جنوبی کوریا کی کھلاڑی سے شکست کے بعد ندا حفیظ نے انکشاف کیا کہ وہ 7 ماہ کی حاملہ ہیں۔ حاملہ ہونے کے باوجود اس کھلاڑی نے پیرس اولمپکس میں مقابلہ کیا اور بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔ ویسے ندا حفیظ نے حاملہ ہونے کے باوجود اپنا پہلا میچ جیتا تھا۔ اس نے امریکی تلوار باز الزبتھ ٹارٹاکووسکی کو شکست دے کر ایک بڑا حیران کن نتیجہ دیا ۔ یاد رہے کہ ندا حفیظ مصرکے دارالحکومت قاہرہ کی رہائشی ہیں اور وہ تین اولمپکس میں اپنے ملک کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ وہ لندن، ٹوکیو اور اب پیرس اولمپکس میں کھیلی۔ بڑی بات یہ ہے کہ ندا فینسنگ سے پہلے جمناسٹ تھیں وہ مصر کی جمناسٹ چمپئن بھی رہ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے پاس طب میں بھی ڈگری ہے۔