حیدرآباد ۔ 20 اپریل (سیاست نیوز) شاہین نگر کے علاقہ میں ایک شخص نے خاتون کو زندہ جلادیا۔ بالاپور پولیس کے مطابق 30 سالہ معراج فاطمہ جو شاہین نگر علاقہ کے ساکن مختار کی بیوی 12 اپریل کو عبداللہ نامی شخص کی جانب سے زندہ جلادی گئی۔ عبداللہ اور معراج گذشتہ دو سال سے ایک ساتھ لیونگ ریلیشن کے تحت زندگی بسر کررہے تھے۔ معراج کی شادی 10 سال قبل مختار سے ہوئی تھی اور وہ دو سال سے عبداللہ کے ساتھ رہنے لگی تھی۔ پولیس بالاپور نے یہ بات بتائی۔ 12 اپریل کو معراج اور عبداللہ میں جھگڑا ہوا اور اس دوران عبداللہ نے معراج فاطمہ پر کیروسین ڈال کر آگ لگا دی جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جو علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔