اورنگ آباد (بہار) ۔ 18۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نربھئے اجتماعی عصمت ریزی معاملہ کے ایک ملزم جسے آئندہ ہفتہ پھانسی پر لٹکایا جانے والا ہے، کی بیوی یہ نہیں چاہتی کہ لوگ اسے ’’عصمت ریزی کرنے والے کی بیوہ ‘‘ کہہ کر طعنے ماریں۔ اس سے بہتر یہ ہوگا کہ وہ خود بھی مرجائے ۔ واضح رہے کہ ملزم اکشئے ٹھاکر کی بیوی پونیتا دیوی جس کا تعلق نبی نگر بلاک ہے، نے منگل کے روز فیملی کورٹ میں ایک عرضداشت داخل کی ہے جس کی جمعرات کو سماعت ہوسکتی ہے ۔ اس کے وکیل مکیش کمار سنگھ کے مطابق قانون میں ایک ایسی شق موجود ہے جس کے تحت ایسی خاتون جس کے شوہر کو پھانسی پر چڑھایا جانے والا ہو، وہ طلاق کا مطالبہ کرسکتی ہے اور حصوصی طور سے نازک معاملہ میں جہاں اس کے شوہر پر جنسی جرم کے ارتکاب کا الزام ہے ، جواب ثابت ہوچکا ہے ۔ اب تک ٹھاکر کی بیوی یہی کہتی آئی تھی کہ اس کا شوہر معصوم اور بے قصور ہے اور اسے اجتماعی عصمت ریزی کے معاملہ میں پھنسایا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ 16 ڈسمبر 2012 ء کو نئی دہلی میں ایک چلتی بس میں نربھئے کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی تھی جس کے بعد ملک گیر پیمانے پر غم و غصہ پھیل گیا تھا۔