نئی دہلی ۔25 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی ایک عدالت نے نربھئے اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے مقدمہ میں سزائے موت پانے والے مجرمین کے وکیل کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں اب مزید کسی ہدایت کی ضرورت نہیں ہے ۔ مجرمین کے وکیل نے درخواست میں کہا تھاکہ درخواست رحم و نظرثانی دائر کرنے کیلئے درکار بعض دستاویزات دینے سے جیل حکام انکار کررہے ہیں۔ تاہم ایڈیشنل سیشنس جج اجئے کمار جین نے کہا کہ مجرمین کے وکیل اگر چاہیں تو تہاڑ جیل حکام سے متعلقہ دستاویزات ، ڈائیری اور پینٹنگس کی تصاویر لے سکتے ہیں۔ دہلی پولیس کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے سرکاری استغاثہ نے عدالت سے کہا کہ تہاڑ جیل حکام تمام ضروری دستاویزات فراہم کرچکے ہیں۔