نربھئے کیس : چاروں مجرمین کو 22 جنوری کو پھانسی

,

   

نئی دہلی 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نربھئے کیس کے چاروں ملزمین کو 22 جنوری کی صبح 7 بجے تہاڑ جیل میں پھانسی دی جائے گی ۔ ایڈیشنل سیشن جج ستیش کمار اروڈا نے آج یہ حکم دیتے ہوئے مجرمین کے خلاف موت کا وارنٹ جاری کیا جن میں 32 سالہ مکیش ، 25 سالہ پون گپتا ، 26 سالہ ونے شرما اور 31 سالہ اکشے کمار شامل ہیں۔ وکیل استغاثہ نے عدالت میں بتایا کہ چاروں ملزمین میں کسی کی کوئی درخواست کسی عدالت میں زیر التواء نہیں ہے اور نہ ہی صدر جمہوریہ کے پاس رحم کی درخواست ہے ۔ سپریم کورٹ نے تمام مجرمین کی نظر ثانی کی درخواستوں کو پہلے ہی مسترد کردیا ہے ۔ وکیل نے چاروں کے خلاف پھانسی کی سزا کا وارنٹ جاری کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پھانسی کی سزا کے وارنٹ کی اجرائی اور اس پر عمل آوری کے درمیان اگر مجرمین کیوریٹیو پٹیشن داخل کرنا چاہیں تو وہ ایسا کرسکتے ہیں۔ دو مجرمین مکیش اور ونے کے وکیل نے بتایا کہ اس کے موکلین سپریم کورٹ میں کیوریٹیو پٹیشن داخل کرنے کے عمل میں ہیں ۔ ٹرائیل کورٹ نے پہلے ہی تہاڑ جیل کے حکام کو ہدایت دی تھی کہ وہ اندرون ہفتہ چاروں مجرمین سے یہ رد عمل حاصل کریں کہ آیا وہ اپنی سزا کے خلاف صدر جمہوریہ سے رحم کی درخواست کریںگے ۔ عدالت نے نربھئے والدین و دہلی حکومت کی درخواست کی سماعت کی جس میں انہوں نے مجرمین کے خلاف پھانسی کی سزا کا وارنٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ سپریم کورٹ نے 18 ڈسمبر کو فیصلہ پرنظر ثانی کیلئے اکشے کمار کی درخواست مسترد کردی تھی اور یہ کہا تھا کہ بار بار درخواست نظر ثانی کی اپیل پر غور نہیں کیا جائیگا ۔واضح رہے کہ 23 سالہ پیرا میڈیکل کی طالبہ (نربھئے) کی 16 اور 17 ڈسمبر 2012 کی درمیانی شب جنوبی دہلی میں چلتی بس میں 6 افراد نے عصمت ریزی کی تھی ۔

نربھئے مجرمین کو 3 نمبر جیل میں پھانسی دی جائے گی
نئی دہلی 7 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) نربھئے کیس کے تمام چار مجرمین کو تہاڑ کی 3 نمبر جیل میں پھانسی دی جائیگی ۔ تہاڑ جیل کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی اور کہا کہ جیل حکام کی جانب سے میرٹھ کے ایک پھانسی دینے والے سے رابطہ کیا جا رہا ہے ۔