نربھئے کیس کے مجرمین کی موت کے پروانوں پر تعمیل تاحکم ثانی منسوخ

   

نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے نربھئے اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کیس کے تمام چار مجرمین کی سزائے موت کے پروانوں پر تعمیل کو تاحکم ثانی منسوخ کردیا ہے۔ ایڈیشنل سیشنس جج دھرمیندر رانا نے ایک درخواست پر یہ حکم جاری کیا جس میں ہفتہ کو سزائے موت پر کی جانے والی تعمیل روک دینے کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے تہاڑ جیل کے حکام کے استدلال سے اتفاق نہیں کیا جنھوں نے اس مقدمہ کے تین قیدیوں کی سزائے موت پر تعمیل روکنے کی درخواست کو چیلنج کیا تھا۔ پون گپتا، ونئے کمار شرما، اکشے کمار اور مکیش کمار سنگھ کے خلاف سزائے موت پر تعمیل سے متعلق سیاہ مچلکہ 7 جنوری کو ہی جاری کردیئے گئے تھے۔ مجرمین کے وکیل نے استدلال پیش کیا تھا کہ قواعد کے مطابق کسی ایک مجرم کے خلاف مقدمہ کی سماعت جاری رہنے کی صورت میں دوسروں کو پھانسی پر نہیں لٹکایا جاسکتا۔