نربھئے کیس ۔ دو مجرمین کی کیوریٹیو پٹیشن سپریم کورٹ میں مسترد

,

   

۔22 جنوری کی صبح پھانسی دینے کی راہ ہموار

نئی دہلی 14جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے نر بھئے اجتماعی عصمت ریزی اور قتل معاملے کے قصور وار ونے شرمااور مکیش کمار کی کیوریٹو پٹیشن کو خارج کر دیا ۔جسٹس این وی رمن کے چیمبر میں ان دونوں کی درخواستوں کی سماعت ہونی تھی ، یہاں چند منٹوں کے اند ر ہی عرضیاں خارج کر دی گئیں ۔پٹیالہ ہاؤس کورٹ سے اس معاملے کے چار قصورواروں ونے ، مکیش، پون گپتا اور اکشے کے خلاف 7 جنوری کو بلیک وارنٹ جاری کیا تھا، جس کے بعد ونے اور مکیش نے عدالت میں کیوریٹو عرضی داخل کی تھی ۔ دو دیگر قصورواروں نے ابھی تک کیوریٹو عرضیاں دائر نہیں کی ہیں۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے ان چاروں کو پھانسی پر چڑھانے کے لئے 22 جنوری صبح سات بجے کا وقت مقرر کیا ہے ۔ اپنی درخواست میں ونئے شرما نے کہا تھا کہ جس وقت یہ جرم سرزد ہوا تھا اُس کی عمر صرف 19 سال تھی۔ ونئے شرما کی عمر اب 26 سال ہے جبکہ مکیش کی عمر 32 سال ہے۔ کیوریٹیو پٹیشن پر آج پانچ ججس پر مشتمل بنچ کے اجلاس میں سماعت ہوئی جس میں جسٹس این وی رمنا، جسٹس ارون مشرا، جسٹس آر ایف نریمان، جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس اشوک بھوشن شامل تھے۔ دو ججس جسٹس بھانومتی اور جسٹس اشوک بھوشن سپریم کورٹ کی اس بنچ کا حصہ تھے جس نے 2017 ء میں مجرمین کی پھانسی کی سزا کو برقرار رکھا تھا اور تمام چاروں مجرمین کو پھانسی دینے کی تصدیق کی تھی۔ دیگر دو مجرمین اکشے کمار سنگھ (31) سالہ اور پون گپتا (25) سال نے تاحال کیوریٹیو پٹیشن دائر نہیں کی ہے۔ تمام چاروں مجرمین نے پہلے اس فیصلہ پر درخواست نظرثانی داخل کی تھی جن کو سپریم کورٹ نے مسترد کردیا تھا۔ کیوریٹیو پٹیشن کے مسترد ہونے کے بعد مجرمین کے پاس پھر صدرجمہوریہ سے رحم کی درخواست کرنے کی گنجائش رہتی ہے۔