نئی دہلی : معروف وکیل سیما کشواہا کا کہنا ہے کہ پولس کی کارروائی شروع سے ہی شک کے دائرے میں ہے۔ لہٰذا عدالت میں وہ یو پی پولس اور صفدر جنگ اسپتال کیخلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کریں گی۔ہاتھرس اجتماعی عصمت دری کا معاملہ اب سپریم کورٹ میں جاتا ہوا نظر آ رہا ہے اور ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ‘نربھیا معاملہ’ کی وکیل سیما کشواہا نے اس کیس کو لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سیما کشواہا نے بات چیت میں اعتراف کیا ہے کہ وہ ہاتھرس معاملہ کو سپریم کورٹ لے جانے کو لے کر تیاریاں کر رہی ہیں۔سیما کشواہا نے اپنی بات چیت کے دوران بتایا کہ دو دن پہلے ہی ہاتھرس پہنچ کر متاثرہ کی فیملی سے انھوں نے ملاقات کی اور متاثرہ فیملی نے مقدمہ کرنے کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ پورے واقعہ کی بھی جانکاری مہیا کی ہے۔ سیما نے بتایا کہ متاثرہ کے بھائی سے ہوئی فون پر بات کے بعد وہ ہاتھرس فیملی سے ملنے پہنچی جہاں انھیں ملنے سے روک دیا گیا تھا۔