نرسمہا راؤ کی دختر کو قانون ساز کونسل کی رکنیت کا امکان

   

مسلمانوںکی مخالفت کی کوئی پرواہ نہیں، کانگریس سے نمٹنے کیلئے کے سی آر کی حکمت عملی
حیدرآباد: مسلمانوں کی مخالفت کی پرواہ کئے بغیر سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کی جینتی صدی تقاریب کا اعلان کرنے والی کے سی آر حکومت نے کانگریس پارٹی سے مقابلہ کیلئے ایک نیا حربہ اختیار کیا ہے ۔ پی وی نرسمہا راؤ کی دختر ایس وانی دیوی کو قانون ساز کونسل کی رکنیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے گورنر ٹی سوندرا راجن کو واقف کرادیا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو پی وی نرسمہا راؤ کے مسئلہ پر شکست دینے اور نرسمہا راؤ خاندان کی تائید حاصل کرنے کیلئے کے سی آر نے یہ فیصلہ کیا ۔ واضح رہے کہ نرسمہا راؤ کی صدی تقاریب ایک سال تک منانے کے اعلان اور نرسمہا راؤ کو بھارت رتن کے لئے مرکز سے سفارش پر مسلمانوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ مسلم جماعتوں اور تنظیموں نے حکومت کے فیصلہ کی مخالفت کی لیکن کے سی آر پر مخالفت کا کوئی اثر نہیں پڑا۔ حکومت کی حلیف مقامی جماعت مجلس نے بھی صدی تقاریب کی مخالفت میں بیان دیا لیکن حکومت کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کے سی آر کے پاس مسلم جماعتوں اور تنظیموں کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی۔ صدی تقاریب کے ذریعہ مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کی گئی تھی اور اب نرسمہا راؤ خاندان کو کونسل کی رکنیت تحفہ میں دیتے ہوئے کے سی آر ایک تیر سے کئی شکار کرنا چاہتے ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ نرسمہا راؤکی دختر سرابھی وانی دیوی کو گورنر کوٹہ سے قانون ساز کونسل کی رکنیت دی جائے گی ۔ اگرچہ اس سلسلہ میں وانی دیوی کو تحریری طورپر کوئی اطلاع نہیں دی گئی لیکن انہوں نے کہا کہ اگر کونسل کی رکنیت کی پیشکش کی جاتی ہے تو وہ ضرور قبول کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی خدمت ان کے خاندان کے خون میں شامل ہیں۔ ان کے بھائیوں پی وی راجیشور راؤ اور پی وی رنگا راؤ نے رکن پارلیمنٹ ، رکن اسمبلی اور وزیر کی حیثیت سے عوام کی خدمت کی ہے ۔ 66 سالہ وانی دیوی اپنے والد نرسمہا راؤ کے بیرونی سرکاری دوروں میں ساتھ رہا کرتی تھی۔

انہوں نے صدی تقاریب کے انعقاد پر ٹی آر ایس حکومت کی ستائش کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نرسمہا راؤ جو کانگریسی تھے لیکن ان کا خاندان ٹی آر ایس اور بی جے پی کا حصہ بن سکتا ہے ۔ نرسمہا راؤ کے نواسے این وی سبھاش تلنگانہ بی جے پی کے ترجمان ہیں جبکہ ان کی دختر قانون ساز کونسل کی رکنیت کے بعد سے ٹی آر ایس کا حصہ بن جائیں گی ۔ کانگریس کو نشانہ بنانے کے لئے نرسمہا راؤ خاندان کا استعمال کیا جارہا ہے اور خاندان کے ارکان کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس نے نرسمہا راؤ کو نظرانداز کردیا تھا۔ کانگریس نے اگرچہ نرسمہا راؤ کی صدی تقاریب منانے کا اعلان کیا ہے لیکن ٹی آر ایس نے نرسمہا راؤ خاندان کی تائید اپنے حق میں کرلی ہے ۔ نرسمہا راؤ کے لواحقین نے واضح کردیا کہ وہ کانگریس کی جانب سے منائی جانے والی تقاریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ کانگریس قائدین کے ایک وفد نے حال ہی میں نرسمہا راؤ کے فرزند پی وی پربھاکر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے 24 جولائی کو صدی تقاریب میں شرکت کی دعوت دی تھی لیکن نرسمہا راؤ کے لواحقین نے واضح کردیا کہ وہ کانگریس کی تقاریب میں شامل نہیں ہوں گے۔