پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ، 10کروڑ روپئے کی منظوری
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی صدی تقاریب کو ایک سال تک سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں آج پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ 28 جون پی وی نرسمہا راؤ کا یوم پیدائش ہے اسے حیدرآباد کے علاوہ دنیا کے 50 دیگر مقامات پر بیک وقت منایا جائے گا۔ انہوں نے نرسمہا راؤ کی صدی تقاریب ایک سال تک منانے فوری طور پر 10کروڑ روپئے کی منظوری دی ۔ اجلاس میں تقاریب کمیٹی کے صدر نشین ڈاکٹر کے کیشوراؤ، ریاستی وزیر ای راجندر، حکومت کے چیف اڈوائزر راجیو شرما، مشیر رمنا چاری، چیف سکریٹری سومیش کمار، صدرنشین سرکاری زبان کمیشن بی پربھاکر راؤ، ڈائرکٹر کلچرل افیرس ایم ہری کرشنا، پی وی نرسمہا راؤ کے فرزند پربھاکر راؤ، دختر مسز وانی دیوی، چیف منسٹر آفس کے پرنسپل سکریٹری ایس نرسنگ راؤ اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صدی تقاریب کے مختلف پروگراموں کو قطعیت دی گئی۔28 جون کو دنیا کے 50 مقامات پر صدی تقاریب کے انعقاد کی نگرانی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کریں گے۔ اجلاس میں حیدرآباد میں پی وی نرسمہا راؤ کی یادگار تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کیشو راؤ کی قیادت میں ایک ٹیم رامیشورم کا دورہ کرکے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی یادگار کا معائنہ کریگی۔ حیدرآباد، ورنگل، کریم نگر اورونجارا کے علاوہ تلنگانہ بھون دہلی میں نرسمہاراؤ کے برانز مجسمے نصب کئے جائیں گے۔ تلنگانہ اسمبلی میں پی وی نرسمہا راؤ کا پورٹریٹ آویزاں کیا جائے گا۔