حیدرآباد۔ 27 جون (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے کہا کہ پی وی نرسمہا رائو اور پرنب مکرجی کا وہ کافی احترام کرتے ہیں اور کانگریس پارٹی نے بھی ان دونوں قائدین کو مکمل احترام اور مناسب مقام دیا ہے۔ کل نرسمہا رائو اور پرنب مکرجی کے بارے میں ان کے ریمارکس پر بعض قائدین اعتراض کیا۔ اس سلسلہ میں وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر چناریڈی نے کہا کہ پی وی نرسمہا رائو اور پرنب مکرجی کا وہ احترام کرتے ہیں۔ دونوں غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل اور دانشور تھے جس کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی نے انہیں اہم عہدوں پر فائز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے پی وی نرسمہا رائو اور پرنب مکرجی کی توہین کی ہے۔ جس کے جواب میں مجھے یہ کہنا پڑا کہ کانگریس نے دونوں قائدین کو مناسب مقام دیا ہے۔ کانگریس کے اندرونی معاملات سے بی جے پی کو کوئی تعلق نہیں ہونا چاہئے اور یہی بات انہوں نے پریس کانفرنس میں کہی تھی۔ میرا مقصد ان قائدین کی توہین کرنا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ بعض قائدین ان کے بیان سے غلط فہمی کا شکار ہیں۔ واضح رہے کہ کانگریس کے بعض قائدین نے پی وی نرسمہا راؤ کی جینتی سے عین قبل انہیں تنقید کا نشانہ بنانے پر اعتراض کیا ۔
